اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )ملالہ یوسفزئی نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام خط میں انہیں وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی اور تعلیم کے شعبہ میں ملالہ فاؤنڈیشن کی جانب سے بھر پور تعاون اور شراکت داری کا یقین دلایا ہے۔ اپنے خط میں ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ منصب سبھالنے پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا آنے والے مصروف مہینوں میں، آپ کو بلاشبہ بہت سے اہم مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا اور آگے بڑھنے کے لیے ایجنڈے ہوں گے۔ میں عاجزی سے استدعاکروں گی کہ آپ پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کو اپنی اہم ترین اور بامعنی ترجیحات میں سے ایک کے طور پر دیکھیں۔ ملالہ نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دہائی میں لڑکیوں کی تعلیم میں نمایاں پیش رفت کی ہے، اور مجھے فخر ہے کہ ملالہ فنڈ نے اپنا کردار ادا کرنا جاری رکھا ہوا ہے۔ آپ کے علم میںہوگا کہ ملالہ فنڈ نے پاکستان میں 15 ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔ وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے ہمیں 4,500 سے زیادہ ہائی اسکولوں تک پہنچنے کی اجازت دی ہے جو ہماری STEAM پارٹنرشپ کے ذریعے تقریباً 500,000 لڑکیوں کے ساتھ بر مصروف عمل ہیں۔ ہم سول سوسائٹی اور تعلیمی ماہرین کی تدریسی طریقوں کو بہتر بنانے، ڈیجیٹل تعلیم اور لڑکیوں کی قیادت کی ترقی کے لیے ان کی کوششوں میں بھی مدد کرتے ہیں۔ پھر بھی اہم کام باقی ہے۔ اس وقت، 26 ملین بچے - زیادہ تر لڑکیاں پاکستان کے غریب ترین اضلاع میں اسکول سے باہر ہیں۔