کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ معاشی حب کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لئے سخت ترین قدم اٹھاناہوگا ،موجودہ صورت حال میں کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کار تو کیا ملکی صنعت کار بھی سرمایہ لگانے کو تیار نہیں، ملک کو معاشی اور بے روزگاری کے بحران سے نکالنے کے لئے صنعت کاروں اور سر مایہ داروں کو جنرل ایمنسٹی دی جائے تاکہ وہ ملک میں صنعتوں کا جال بچھاسکیں،اس وقت ملک جس معاشی معاملات سے دوچار ہے اس میں سرمایہ داروں کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے،تاکہ وہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں، خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری سے حکومتی مالیات میں بہتری کی توقعات کی جاسکتی ہے، ہماری ناقص حکمت عملی کی وجہ سے پی آئی اے، اسٹیل ملز، پاکستان ریلوے جیسے منافع بخش ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں،یہ ادارے اس وقت حکومتی خزانے پر معاشی بوجھ بن چکے ہیں، حکومت اسٹاک مارکیٹ سے حاصل ہونےوالے سرمایہ کو منافع بخش زون میں استعمال کرکے معاشی دبائوکم کرنے کے لئے مثبت اقدامات کرے۔