کراچی( افضل ندیم ڈوگر) متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے عید کے تینوں دن تقریبات میں یو اے ای اور پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھیرے۔ بخیت عتیق الرومیتی نے کراچی میں تمام قونصل جنرلز، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما فاروق ستار، نسرین جلیل سمیت دیگر اعلی شخصیات کو عید ملن پارٹی میں مدعو کرکے یو اے ای کے روایتی ثقافتی انداز میں کھانے اور مشروبات پیش کئے گئے۔ مہمانوں کو خاص خیموں میں بٹھاکر عرب ثقافت کو اجاگر کیاگیا۔ امارات قونصلیٹ میں ایک اور عید ملن پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کی۔ قونصل جنرل نے تقریب میں موجود بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی۔ بخیت عتیق الرومیتی نے عید کے دن اپنے بیٹے کے ہمراہ آغوش اولڈ ایج ہوم کا دورہ کیا۔ اولڈ ایج میں موجود افراد میں تحائف تقسیم کیے اور عیدی بھی دی۔ بخیت عتیق نے اولڈ ایج میں موجود بیمار افراد کی عیادت کی اور ان کے ساتھ وقت بھی گزارا۔ قونصل جنرل امارات کراچی نے عید کا دوسرا دن بھی اپنے بیٹے حمدان عتیق کے ہمراہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج کینسر کے مریض بچوں کے ساتھ گزارا۔ بچوں میں تحفے تحائف اور عیدی بھی تقسیم کی۔ قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ یو اے ای حکومت پاکستان میں صحت کے شعبے میں بھی کام کررہی ہے اور چاہتی ہے پاکستان میں بین الاقوامی سطح کے طرز پر مریضوں کو سہولیات میسر آسکیں۔ بخیت عتیق الرومیتی بیٹے کے ہمراہ عید کے تیسرے دن افضال میموریل تھیلیسیمیا سینٹر پہنچ گئے۔