کراچی( اسٹاف رپورٹر )رضویہ کے علاقے میں گھریلو ناچاقی پر بیوی نے شوہر کو گولی مار کر قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق رضویہ تھانے کی حدود گولیمار کھجی گراؤنڈ محمد مسجد کے قریب گھر کے اندر سے ایک شخص کی گولی لگی لاش کو اسپتال لایا گیا جہاں اسکی شناخت 45سالہ ضیاء اللہ ولد عطاء اللہ کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او زبیر نواز کے مطابق مقتول کو اسکی بیوی ماہم نے مقتول کے لائسنس یافتہ پستول سے گولی مار کر قتل کیا۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزمہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے واقعہ میں استعمال ہونے والا اسلحہ تیس بور پستول برآمد کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں کی دوسری شادی تھی اور ایک ماہ قبل ہی دونوں کی شادی ہوئی تھی۔مقتول کنسٹرکشن کا کام کرتا تھا۔