لاہور (خبرنگار)کل مسالک علما بورڈ کے زیر اہتمام جامع مسجد کبری نیو سمن آباد میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا. چیئرمین بورڈ مولانا عاصم مخدوم نے کانفرنس کی صدارت کی۔کانفرنس میں پیس ایمبیسڈر آف برطانیہ مائیکل ریمزڈین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔جبکہ پرنسپل یو جی اے پاکستان ریورنڈ ڈائنیل رفیق، فادرجیمز چنن، سید محمود غزنوی، بشپ رومل منو،پادری عمانئول کھوکھر، پیر سید ولی اللہ شاہ بخاری، ملک آصف،مفتی سید عاشق حسین، پنڈت بھگت لال کھوکھر،علامہ قاری خالد محمود، علامہ اصغر عارف چشتی ودیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا پاکستان میں مذہبی رواداری کو فروغ مل رہا ہے، پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے بستے ہیں، یہاں بسنے والی تمام اقلیتیں مساوی حقوق رکھتی ہیں ،بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے،پوری دنیا امن کی خواہش مند ہے ہمیں ملکر امن کے لیے جد وجہد کرنا ہوگی،بین المذاہب تقریبات کا مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ پاکستان میں امن ہے، اقلیتوں کے حقوق سمیت بین المذاہب رواداری کو فروغ دینے کے لئے خاطر خواہ کام ہو رہا ہے،بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے کے لئے جدوجہد کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے، جبکہ مائیکل ریمزڈین کا کہنا تھا پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی۔اس موقع پر مولاناعاصم مخدوم نے معزز مہمان کو اجرک پہنائی۔