• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کی طرح دوسرے صوبے بھی بجلی چوری روکنے کے اقدامات کریں، وزیراعظم

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے ترسیلی نظام کی حالت بہت بری ہے، پنجاب کی طرح دوسرے صوبے بھی بجلی چوری روکنے کیلئے اقدامات کریں، مافیاز ملک کو نچور رہے ہیں،بجلی کی چوری روکنا بہت بڑا چیلنج ہے،مہنگے تیل پر چلنے والے منصوبوں کو پن بجلی پر منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے،کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو مقامی کوئلے پر منتقل کیا جائیگا، ترسیلی نظام درست کیے بغیر جتنی چاہیں بجلی پیدا کرلیں ، ضائع ہوجائیگی، مہنگے تیل پر چلنے والے بجلی کے منصوبوں کوقابل تجدید توانائی پر منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے،بجلی کی ترسیل کی استعداد میں اضافہ ناگزیر ہے،ونڈ ،پن بجلی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے دور رس نتائج برآمد ہونگے، این ڈی ایم اے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر جامع لائحہ عمل وضع کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں بجلی کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے بجلی گھروں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اوایس احمد خان لغاری ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ محمد آصف اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیاجا رہا ہے۔ معیشت سے متعلق مختلف اجلاس ہو چکے ہیں۔ ملک میں بارشیں ہو رہی ہیں اس سے ڈیموں میں بھی پانی آئے گا اور پن بجلی کی پیداوار بڑھے گی۔ بارشوں سے جانی نقصان بھی ہو اہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ ملکر لائحہ عمل تیار کرے تاکہ جہاں جہاں بھی بارشوں سے نقصان ہواہے وہاں پر امدادی سامان پہنچایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے منصوبوں کو قابل تجدید توانائی پر منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ونڈ، پن بجلی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔
اہم خبریں سے مزید