کراچی(اسٹاف رپورٹر) بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان اسپورٹس بورڈ میں نامور کھلاڑیوں کو شامل کرنے اور متوازی فیڈریشنوں کے خاتمے کےلئے فوری اقدامت کرنے کی ہدایت کی ہے، پی ایس بی اور وزارت کے حکام کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے کہا کہ اگلے سال کو کھیلوں کے سال کے طور پر منایا جائے، بہتر نتائج لانے کیلئے فیڈریشنز کو سیاست سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ ساؤتھ ایشین گیمز کیلئے حکومت تعاون کرے گی، پی ایس بی بورڈ آف گورنرز میں سابق کر کٹر ماجد خان اور اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کو بھی شامل کیا جائے ۔ اس بریفنگ میں وزارت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ طارق بگٹی کی پاکستان ہاکی فیڈریشن ایک حقیقی ادارہ ہے۔