کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان سے بڑے مقابلے سے قبل بھارت نے نمیبیا کو ترنوالہ سمجھ لیا اور 93 رنز سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کرلی ۔ نمیبیا کودوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔گروپ اے میں پاک بھارت ٹاکرا اتوار کو کولمبو میں ہوگا۔ جمعرات کو نئی دہلی میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ دی جس نے9 وکٹ پر209 رنز بنائے۔ بھارتی اننگز کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا۔ ایشان کشن نے24 گیندوں پر61رنز پانچ چھکوں اورچھ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ تلک ورما نے21گیندوں پر25، سنجو سیمسن نے8 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے22، کپتان سوریا کمار یادیو نے12 رنز بنائے۔ سو رنز 6.5اوورز میں بنے۔ ہاردیک پانڈیا نے28گیندوں پر52 اور شیوم دوبے نے16گیندوں پر23 رنز بنائے۔ ایمرس نے20رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ ناکام ٹیم 10گیندیں پہلے116رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ ورون چکرورتی نے تین، ہاردیک پانڈیا اور اکسر پٹیل نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ دوسری جانب شریک میزبان سری لنکا نے پالے کیلے میں عمان کو 105 رنز سے مات دی ۔ پلیئر آف دی میچ پون رتھنایئکے نے 28 گیندوں پر 60 اور کوشال مینڈس نے 45 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھیں۔ ہوم ٹیم نے 5 وکٹ پر 225 رنز بنائے تھے جو رواں ورلڈکپ کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ کپتان داسن شاناکا نے 19 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جو سری لنکا کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں تیز ترین نصف سنچری ہے۔ عمان کی ٹیم 9 وکٹ پر 120 رنز بناسکی۔ محمد وسیم 53 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ وسیم علی نے 27 رنزاسکور کیے۔ کوئی دیگر بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ دشمانتھا چمیرا اور مہیش تھیکشانا نے 2، 2 وکٹ لیے۔