کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ سے قبل پاکستانی ٹیم جمعے کو کولمبو میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ بدھ اور جمعرات کو کھلاڑیوں نے آرام کیا۔ بھارتی ٹیم جمعے کو چارٹرڈ فلائٹ پر نئی دہلی سے کولمبو پہنچ رہی ہے اور ہفتے کو پریکٹس کرے گی۔ ہائی وولٹیج میچ پر چھائے خدشات کے بادل چھٹتے ہی کولمبو میں رونق بڑھ گئی، شائقین کرکٹ نے ایک بار پھر کولمبو کا رخ کرلیا ہے۔ مسافروں کی بڑھتی تعداد کے باعث نہ صرف کولمبو کا فضائی سفر مہنگا ہو گیا بلکہ ہوٹلوں کے کرائے بھی راتوں رات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کولمبوکی پروازوں کے کرایوں میں معمول سے 5 گنا زائد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ دہلی سے کولمبو تک فضائی کرایہ سوا لاکھ (پاکستانی تقریباً 4 لاکھ روپے) ہو گیا ہے۔ کولمبو میں قیام بھی مہنگا ہو گیا ہے اور پاکستان کے بائیکاٹ کااعلان ختم ہوتے ہی کہیں زیادہ رفتار سے ہوٹلوں کے کرائے بڑھا دیے گئے ہیں۔ میچ کے ٹکٹ بھی نایاب ہیں اور خدشہ ہے کہ بڑے پیمانے پر ٹکٹ بلیک میں فروخت ہوں گے۔ محکمہ موسمیات کی مختلف رپورٹس کے مطابق پاک بھارت میچ کے دن بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کا 50 فیصد امکان ہے، جبکہ شام 6 بجے کے قریب شہر میں 2.1 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔شائقین دعا کررہے ہیں کہ میچ بارش کی نذر نہ ہو۔