• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کا پاکستان اور آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے کا خیر مقدم بھارتی وزیراعظم کے بیانات پر تبصرے سے گریز

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان طے پانے والے اسٹاف لیول معاہدے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم کے بیانات پر تبصرے سے گریز کیا ،محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اپنی بریفنگ میں پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے کوششیں کی ہیں اور امریکا پاکستان کی جانب سے اپنے بڑھتے قرضوں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے پاکستان معاشی اصلاحات کا دائرہ وسیع کرنے اور انہیں ترجیح دینے کیلئے جو اقدامات کرتا ہے، ہم ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی کامیابی کیلئے امریکا کی پاکستان کیلئے حمایت غیر متزلزل ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ تکنیکی معاہدہ جات اور تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو بروئے کار لائیں گے کیونکہ یہ ہمارے باہمی تعلقات کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر حکومتی عہدیداروں کی جانب سے انتخابی مہم کے حوالے سے جاری کردہ بیانات میں سرحد پار دہشت گردوں کو قتل کرنے کے اعترافات پر بائیڈن انتظامیہ کو تشویش ہے یا نہیں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم ان باتوں میں نہیں پڑنا چاہتے۔
اہم خبریں سے مزید