کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان مبشر ہاشمی نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی تاریخ میں پہلی بار الیکشن سے پہلے الیکشن کی ساکھ کو متنازع کردیا ہے،عالمی امور کے ماہر عادل نجم نے کہا کہ حالیہ پیشرفت کے بعد ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کا خدشہ کم ہوگیا ہے، ایران اور اسرائیل کے ایک دوسرے پر حملوں کا راؤنڈ ایران جیت گیا ہے، امریکا اور مغربی ممالک کے دباؤ پر اسرائیل نے ایرانی حملے پر ردعمل کم کیا،سینئر صحافی و تجزیہ کار شہزاد اقبال نے کہا کہ پاکستان کیلئے بیسویں دفعہ آئی ایم ایف پروگرام میں جانا بڑی شرمندگی کی بات ہے، یہاں آنے والے غریب ممالک بھی بیس مرتبہ آئی ایم ایف پروگرام میں نہیں گئے ہیں۔