کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کپتانی کے بوجھ سے مکمل طور پر آزاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے محمد رضوان کو سوچ وبچار کے بعد نائب کپتان مقرر کیا جارہا ہے۔دو بار پی ایس ایل جتوانے والے فاسٹ بولر کو قیادت کے بجائے بولنگ پر فوکس کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ پی ایس ایل کے فاتح شاداب خان کو دوبارہ نائب کپتان بنانے کی تجویز نہیں۔محمد رضوان کو بابر اعظم کا وائٹ بال میں نائب بنایا جارہا ہے اس سے قبل رضوان ،بابر اعظم کے ٹیسٹ میں بھی نائب کپتان رہ چکے ہیں۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد رضوان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا نائب کپتان بنایا جارہا ہے۔ بابراعظم کو نیوزی لینڈ کی سیریز کے بقیہ تین میچ میں آرام دے کر محمد رضوان کو کپتانی سونپی جائے گی۔ ذرائع کاکہنا ہے محمد رضوان کے بطور نائب کپتان کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ انہیں بیٹنگ کے ساتھ وکٹ کیپنگ میں بھی ذمے داری دی گئی ہے۔ اعظم خان بدستور ان فٹ ہیں اور ان کی سیریز کے بقیہ میچوں میں شرکت مشکوک ہے۔ محمد رضوان سابق کپتان شاہین آفریدی کے ساتھ بھی نائب تھے۔دورہ آئرلینڈ، انگلینڈ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کےلیے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کےلیے یکم مئی تک نام بھجوانے ہیں، 25 مئی تک اسکواڈ میں رد و بدل کے بعد آئی سی سی کی منظوری لینا لازمی ہوگی۔