• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرک مندوخیل اور جمال شاہ کاکڑ کو کابینہ میں شامل کیا جائے‘ ن لیگ

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کی سابقہ کابینہ کا اجلاس ارباب اقبال اور جاوید اقبال کی صدارت میں ہوا جس میں سابقہ کابینہ کے تمام ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں بلوچستان کی نومنتخب کابینہ ارکان کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل اور بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں گے۔ اجلاس میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کوئٹہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا گڑھ اور یہاں کا ہر کارکن نظریاتی اور میاں نوازشریف اور وزیراعظم شہباز شریف کا سپاہی ہے، ماضی میں کوئٹہ سے منتخب ہونے والے ہررکن قومی اور صوبائی اسمبلی کو ہمیشہ کابینہ میں شامل کیا گیا لیکن اس بار یہاں سے منتخب رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ اور رکن اسمبلی زرک مندوخیل کو کابینہ میں شامل نہ کرنے کے فیصلے سے کارکنوں میں مایوسی پھیلی۔ اجلاس میں وزیراعظم میاں شہباز شریف، پارٹی قائدمیاں نوازشریف اورصوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل سے اپیل کی گئی کہ جمال شاہ کاکڑ اور زرک مندوخیل کو کابینہ میں شامل کیا جائے تاکہ کارکنوں میں پھیلی مایوسی دور ہو ۔ دونوں منتخب ارکان پارٹی کے نظریاتی کارکن اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات بھی قریب ہیں ، موجودہ فیصلے کا اثربلدیاتی انتخابات کے دوران کارکنوں پر بھی پڑسکتا ہے لہٰذا اس ضمن میں ضروری ہے کہ دونوں منتخب رہنمائوں کو کابینہ میں شامل کیا جائے ۔
کوئٹہ سے مزید