لاہور(ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ناروال میں جاں بحق لیگی کارکن محمد یوسف کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے‘ وفاقی وزیراطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ عوام نے آج نفرت و انتشار کی سیاست اور پی ٹی آئی کا جھوٹا بیانیہ مسترد کر دیا ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے میں ناکام ہوگیاہے ۔تفصیلات کے مطابق اتوارکو اپنے تعزیتی پیغام میں مریم نواز نے لیگی کارکن محمد یوسف کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیااور مزید کہا کہ قاتلوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔سیاست کو نفرت اور ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنا معاشرے کے لئے بڑا چیلنج ہے۔ سیاست خدمت اور اصلاح کا نام ہے تشدد اور عدم برداشت کا نہیں۔ سیاست کو ذاتیات اور تشدد کی حد تک پہنچانے والے لوگ ہی اصل قوم کے دشمن ہیں۔دریں اثناءاپنے ویڈیو بیان میں وزیر اطلاعات نے کہاہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج مسلم لیگ (ن) پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہیں‘ثابت ہو گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی پالیسیاں عوام کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں۔ آج تحریک انصاف کا ووٹر مایوسی کا شکار ہے، ان کے لیڈر کے جیل سے متضاد اور جھوٹ پر مبنی بیانات آ رہے ہیں‘ آج سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نفرت، انتشار اور منافقت کی سیاست کو عوام نے رد کر دیا ہے، آج جھوٹ کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے ۔شہباز شریف اور مریم نواز کے کام سب کو نظر آ رہے ہیں‘ انشاءاللہ ملک کے حالات بہتر ہوں گے‘ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ آج انہوں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا۔