کراچی ( رپورٹ، محمد منصف) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے باتھ آئی لینڈ میں واقع چیف جسٹس ہاؤس کے لئے 20 نئی اسامیاں جاری کر دیں۔ سندھ ہائی کورٹ کے رجسٹرار کے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی نے اپنی سرکاری رہائش گاہ کے لئے 20 نئی اسامیاں جاری کر دی گئی ہیں ، مذکورہ اسامیاں گریڈ 4 سے 14 تک ہیں جن میں ایک نگران ، دو خانساماں، ایک الیکٹریشن ، دو بیرر، تین چوکیدار، تین فراش، ایک واشر مین، ایک پلمبر، ایک کارپینٹر، دو مالی، ایک جنریٹر آپریٹر اور دو سینیٹری ورکرز شامل ہیں۔ جنگ نے اس حوالے سے رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس ہاؤس کی تزئین و آرائش کا کام حال ہی میں مکمل ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ عمارت اس سے قبل سرکٹ ہاؤس تھا جسے حال ہی میں چیف جسٹس ہاؤس میں تبدیل کر دیا گیا ہے تاہم ابھی تک قابل استعمال نہیں ہے کیونکہ موجودہ چیف جسٹس نے اب تک اس عمارت میں رہائش اختیار نہیں کی اور انہوںنے مزید کہا کہ مذکورہ اسامیاں فی الوقت پیدا کی گئی ہیں بھرتیوں کا عمل تب شروع ہوگا جب کوئی بھی چیف جسٹس اس عمارت میں رہائش اختیار کریں گے۔