• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کے نوٹس پر جی او آر میں ڈی آئی جی آپریشنز کی رہائشگاہ کے باہر گارڈ روم ہٹانے کے احکامات جاری

لاہور(آصف محمود بٹ ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی طرف سے لاہور کے علاقے جی او آر ون میں اعلیٰ سرکاری افسران و ججوں کی رہائشگاہوں پر غیر قانونی گارڈ رومز کی تعمیر پر لئے گئے نوٹس کے بعد محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی رہائشگاہ کے باہر گارڈ رومز فوری طورپر ہٹانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ذرائع نے بتایاان احکامات کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے اس پر فوری عملدرآمد کیا۔ پنجاب میں بیوروکریسی کے بڑے افسران چیف سیکرٹری ، ہوم سیکرٹری اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سمیت دیگر اعلیٰ افسران کی رہائشگاہوں کے باہر کوئی گارڈ روم نہیں بنایا گیا ۔ چیف سیکرٹری کی رہائشگاہ 9ایکمن روڈ پر بھی گارڈ رومز مین گیٹ کے ساتھ بنائے گئے ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان کے نوٹس سے قبل بھی کچھ عرصہ قبل ایک سرکاری افسر کی رہائش کے باہر سکیورٹی کیبن کا چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سکیورٹی کیبن فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ اس حوالے سے’’جنگ‘‘ کے رابطہ کرنے پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان کے احکامات پر ایس اینڈ جی اے ڈی کی طرف سے من و عن اور فوری عملدرآمد کرایا گیا ہے،وہ اس حوالے سے چیف جسٹس کو تحریری طور پر بھی آگاہ کرینگے۔
اہم خبریں سے مزید