کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کا رویہ انتہائی متکبرانہ ہے مذاکرات کا فائدہ نہیں ہوگا، عمران خان کے رویے میں تبدیلی کے بعد ہی مذاکرات کا سوچا جاسکتا ہے،پی ٹی آئی ہر وہ کام کرتی ہے جس سے ملک کو نقصان پہنچے، تحریک انصاف احتجاج کرے مگر اس میں شدت نہیں ہوگی، سیاسی جماعتوں میں مذاکرات جمہوری عمل کا حصہ ہے، تحریک انصاف کے سینئر رہنما حامد خان نے کہا کہ آئین کی بحالی کیلئے جمعہ سے ملک گیر تحریک شروع کررہے ہیں، یہ تحریک آئین کی سربلندی اور سرفرازی کیلئے چلائی جارہی ہے، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وکلاء اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے، وکلاء آئین کے سب سے بڑے سپاہی ہیں وہ ہمیشہ آئین کی سربلندی کیلئے کام کریں گے، پارٹی کے اندرونی اختلافات تحریک کے دوران مسئلہ بنیں گے، پارٹی چیئرمین پابند سلاسل ہیں ان کی طرف سے واضح پیغامات نہیں مل پاتے،عمران خان ڈیل کرلیں تو رہا ہوجائیں گے مگر انہیں سیاسی نقصان پہنچے گا، عمران خان جب تک سیاست میں فوج کی مداخلت کیخلاف رہیں گے لوگوں میں مزید ہردلعزیز ہوں گے، ہائبرڈ نظام بنا کر ملک نہیں چلایا جاسکتا، عدلیہ اس وقت مکمل طور پر اسٹیبلشمنٹ کے فیصلوں کے ساتھ ہے۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ آٹھ فروری کے انتخابات صاف و شفاف تھے، شیخوپورہ میں انتخابات صاف و شفاف تھے، جاوید لطیف سے ہمدردی ہے وہ جیت جاتے تو اچھا ہوتا، جاوید لطیف ضلع کونسل پر ہمارے ساتھ ہوتے تھے، میں نے جاوید لطیف سے متعلق کبھی بات نہیں کی نہ کروں گا، میں نے سنا ہے جاوید لطیف کہتے ہیں این اے 114میرا ہے اسے کھولا جائے، این اے 114میں میرے مقابلہ میں ہارنے والے پی ٹی آئی امیدوارنے شکست تسلیم کی ہے۔ رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ جاوید لطیف نے 90کروڑ کی بات میرے حلقوں نہیں شیخو پورہ تحصیل سے متعلق کی ہے، الیکشن میں جلیل شرقپوری میرے خلاف تھے انہوں نے بھی کہا ہے کہ شیخوپورہ اور میرے حلقے میں شفاف الیکشن ہوئے ہیں، جاوید لطیف کو 90کروڑ روپے لینے اور دینے والوں کے نام بتانے چاہئیں، جاوید لطیف کہہ رہے ہیں شیخو پورہ میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو پیسے لے کر جتوایا گیا۔