لندن( زاہد انور مرزا) برطانیہ اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کرے گا ۔برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے کہا ہے کہ وہ2030تک برطانیہ کے دفاعی اخراجات کو جی ڈی پی کے2.5فیصد تک بڑھانا چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے اپنے یورپی اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ روس، ایران اور چین کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر براعظم ایک "ٹرنگ پوائنٹ" پر ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کی نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ سے پولینڈ میں ملاقات کے سال کے آخر تک دفاعی اخراجات میں مسلسل اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ 2027/28 تک سالانہ 2.4 فیصد تک بڑھ جائے گا - پھر 2030/31 تک 2.5 فیصد تک پہنچ جائے گا۔پولینڈ کے دورے کے موقع پر اعلان کرتے ہوئے مسٹرسوناک نے کہا کہ اضافی فنڈنگ بڑھتی ہوئی خطرناک دنیا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ایک نسل میں ہمارے قومی دفاع کی سب سے بڑی مضبوطی کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اگلی دہائی کے دوران مزید 10 بلین پاؤنڈ ہتھیاروں کی تیاری اور مسلح افواج کو جدید بنانے پر خرچ کیے جائیں گے اور دفاعی بجٹ کا کم از کم 5 فیصد تحقیق اور ترقی کے لیے مختص کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ روس، ایران اور چین جیسی مطلق العنان ریاستوں کا ایک محور جمہوریت کو کمزور کرنے اور عالمی نظام کو نئی شکل دینے کے لیے تیزی سے مل کر کام کر نے کی ضرورت ہے۔ برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنی فوجوں اور سائبر صلاحیتوں اور کم لاگت والی ٹیکنالوجی میں بھی بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں،تاکہ اپنی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔