• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا مین اسٹریم میڈیا بی جے پی کے سامنے سرینڈر کرچکا، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کا مین اسٹریم میڈیا حکمراں جماعت بی جے پی کے سامنے مکمل طور پر سرینڈر کرچکا ہے.

 بی جے پی کی باقاعدہ حکومت آئی تو سب سے پہلے میڈیا کو کنٹرول میں لانے کا اہم کام شروع کردیا،گزشتہ دس برسوں کے دوران بھارت میں پاکستان اور مسلمان مخالف فلموں کے رجحان اور تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے، بی جے پی نے بالی ووڈ میں بھی تنقیدی آوازوں کو دبادیا ہے،اپنے اقدامات سے واضح پیغام دیا ہے کہ بی جے پی کیخلاف کوئی آواز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ بھارت میں انتخابی عمل جاری ہے جس کا انتخاب یکم جون کو ہوگا پھر چار جون کو انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا، اس انتخابی عمل کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انتخابی ریلی کے دوران مسلمانوں کیخلاف بیان دیدیا ہے.

نریندر مودی نے کانگریس کے منشور پر تنقید کرتے ہوئے مسلمانوں کا حوالہ کچھ اس طرح سے دیا کہ کانگریس ہندو خواتین کے گلے کا منگل سوتر بھی گھس بیٹھیوں، زیادہ بچے پیدا کر نے والوں کو دینے کا وعدہ کررہی ہے، اہم بات یہ ہے کہ وزیراعظم مودی کا یہ دعویٰ بھارت کی بیس کروڑ مسلمان آبادی کے خلاف اور حقائق کے برعکس تھا، بیس کروڑ مسلمان آبادی کیخلاف بیان دینے کے باوجود نریندر مودی کو اعتماد ہے کہ وہ بھاری اکثریت سے الیکشن جیت جائیں گے.

بھارت کے اکثریتی میڈیا چینلز نے اس پر سرسری بات تو کی لیکن نریندر مودی کو واضح طور پر تنقید کا نشانہ نہیں بنایا، اہم بات یہ ہے کہ ظاہری طور پر اس وقت بھارت میں دنیا کی سب سے میڈیا انڈسٹری ہے.

 20ہزار اخبارات ہیں، 300سے زائد نیوز چینلز ہیں مگر اکثریتی اخبار اور نیوز چینلز نریندر مودی کے گن گارہے ہیں، بھارت کا مین اسٹریم میڈیا حکمراں جماعت بی جے پی کے سامنے مکمل طور پر سرینڈر کرچکا ہے

 اخبارات اور میڈیا چینلز پر تشہیر کی جارہی ہے کہ اگلی باری نریندر مودی کی ہوگی اور انہی کی لیڈرشپ میں بھارت ترقی کرے گا، اپوزیشن تنقید کررہی ہے کہ بھارتی میڈیا مہنگائی اور بیروزگاری جیسے مسائل کو اجاگر کرنے کے بجائے مودی کی تعریفوں میں مصروف ہے.

 2014ء کے انتخابات سے پہلے ہی بی جے پی کی قریب سمجھی جانے والی کاروباری شخصیات نے ناقد میڈیا ہاؤسز کو خریدنے کا عمل شروع کردیا تھا، 2014ء میں مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس نے بھارت کے ایک بڑے میڈیا گروپ نیٹ ورک 18کو خرید لیا، بی جے پی کی باقاعدہ حکومت آئی تو سب سے پہلے میڈیا کو کنٹرول میں لانے کا اہم کام شروع کردیا۔

اہم خبریں سے مزید