لاہور( نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں ہالینڈ کی سفیر مسز ہینی ڈی وریس نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ہالینڈ اور پنجاب کے درمیان دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔ ہینی ڈی وریس نے پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے ڈچ کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو صوبے میں کاروباری مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔ مریم نوازنے کہا کہ ہالینڈکے جدید طریقہ زراعت اور ٹیکنالوجیز سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ فصلوں کی کاشت، آبپاشی کی تکنیک، اور زرعی مشینری جیسے شعبوں میں ہالینڈسے تعاون کے خواہاں ہیں۔