ریاض(اے پی پی)وزیراعظم شہبازشریف سے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری‘وزیر خزانہ ‘وزیر صنعت‘صدر اسلامی ترقیاتی بینک‘امیر کویت اور دیگر عالمی رہنماؤں نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی جبکہ شہبازشریف نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پرمباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے عالمی عدم مساوات کو اولین اور سب سے اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبہ میں ترقی یافتہ اور ترقی پذیر و کم ترقی یافتہ ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کو ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری خالدالفالح نے شہبازشریف کو ’’مین آف ایکشن ‘‘قرار دیتے ہوئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا ہے کہ سعودی حکومت وزیراعظم کی کارکردگی اور کام کرنے کی رفتار سے بخوبی آگاہ ہے‘آپ پاکستان کے ترقی کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں جس میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں،آپ کا مشن ہمارا مشن ہے‘انہوں نے یہ بات وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہی ۔ وزیراعظم نے ریاض میں مصروف دن گزارا اور ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس سے خطاب بھی کیا۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نےوزیراعظم کو پرائم منسٹر آف ایکشن قرار دیتے ہوئے کہا کہسعودی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا‘سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان ہماری ترجیح ہے‘ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون جاری رہے گا ۔ وزیراعظم اور سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے ملاقات میں اتفاق کیا کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرے گا ۔ سعودی وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کی ترقی سعودی عرب کی ترقی ہے ۔ سعودی وزیر صنعت نے کہا کہ سعودی نجی کمپنیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے رابطے میں ہوں اور ان کمپنیوں کے نمائندگان بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے ۔سعودی وزراء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میرے پچھلے دور حکومت میں سعودی عرب کی حمایت اور مدد کی بدولت ہمارے معاشی حالات بہتر ہوئے۔