کراچی( اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت سے ملاقات میں کراچی میں کرائمز پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور خالد مقبول صدیقی اور دیگر نے شہر میں امن و امان کی بحالی کیلئے صدر مملکت سے اپنا اثر ورسوخ استعمال کرنے کی درخواست کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تین رکنی وفد نے بدھ کو وزیر اعلی ہاؤس میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ایم کیو ایم کے وفد میں سید مصطفٰی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار شامل تھے،جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔ملاقات میں ملک کے موجودہ سیاسی و معاشی بحران اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے پر بھی زور دیا گیا، ایم کیو ایم نے کہا کہ ایم کیو ایم کے وفد کا سندھ خصوصا کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر صدر مملکت سے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور وفد کی جانب سے اسٹریٹ کرائم میں لوگوں کی قیمتی جان و مال کے ضیاع پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت سے کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔ا یم کیو ایم نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان خصوصا سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر سطح پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔