• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیریز اور عارف حبیب سمیت 10 بڑے ادارے PIA خریدنے کیلئے آگئے

اسلام آباد / کراچی (نمائندہ جنگ / نیوز ڈیسک)عارف حبیب اور جیریز گروپ سمیت 10بڑے ادارے قومی ائیر لائن پی آئی اے خریدنے کیلئے سامنے آگئے ہیں اور انہوں نے اظہار دلچسپی کی ابتدائی دستاویزات حاصل کرلیں ، ڈومیسٹک پروازیں آپریٹ کرنیوالی 3نجی ائیرلائنز بھی ابتدائی بڈ میں شامل ہوگئیں۔ ادھر پرائیویٹائزیشن کمیشن نے پی آئی اے کی نجکاری کے لئے15دن کی توسیع کردی اب18مئی تک اظہار دلچسپی کے کاغذات داخل کیے جا سکیں گے اور اس تاریخ میں مزید توسیع نہیں ہوگی۔ذرائع ابلاغ کے امریکی ادارے بلومبرگ کے مطابق بزنس ٹائیکون عارف حبیب اور جیریز گروپ کے ایم ڈی اکرم ولی محمد نے بلومبرگ کو تصدیق کی ہے کہ انہوں نے پی آئی اے خریداری کیلئے بڈ میں حصہ لیا ہے ۔ ادھر وفاقی وزیر برائے نجکاری ،سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے اس حوالے سے بتایا کہ کہ پی آئی اے کی نجکاری کےلئے اب تک 10بڑے اداروں نے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ابتدائی دستاویزات حاصل کر لی ہیں جبکہ پرائیویٹائزیشن کمیشن پی آئی اے کی نجکاری کے لئے15دن کی توسیع کر رہا ہےور اس تاریخ میں مزید توسیع نہیں ہوگی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ بعض اخبارات میں پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے درست اعداد و شمار نہیں دیے گئے جبکہ اصل صورتحال حوصلہ افزا ہے کیونکہ اس ادارے میں آج بھی اتنا "پوٹینشل "باقی ہے کہ پی آئی اے میں نئے جہازشامل کرنے کے بعد اسے منافع بخش ادارے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 830ارب روپے خسارے والے ادارے پی آئی اے کی نجکاری ملک و قو م کے مفاد میں ہے اور انہیں یقین ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو بھی جب اصل حقائق کا علم ہو گا تو وہ ضرور اس کی حمائیت و تائیدکریں گے ۔ وفاقی وزیر نجکاری نے بتایا کہ سٹیل مل ، ڈسکوز ، فرسٹ ویمن بینک ،ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن اور دیگر اداروں کی بھی نجکاری ہورہی ہے جس کے لئے حکومت کی طرف سے ہدایات ملنے کے بعد تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ایسے ادارے ملکی معیشت کا خون چوس رہے ہیں اورثابت ہو گیا ہے کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا یا کاروباری ادارے چلانا نہیں ہوتا ،ہمیں اس کے لئے نجی شعبے کو آگے لانا ہوگا تاکہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق ان اداروں کو تیزی سے چلائیں اور منافع بخش بنائیں ۔

اہم خبریں سے مزید