راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملک شہزاد احمد خان نے جمعہ کولاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کا دورہ کیا۔ چیف جسٹس نے ججز کے ساتھ میٹنگ میں زیر التواء مقدمات اور ماتحت عدلیہ کی کارکردگی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں زیر التوا مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔ ماتحت عدلیہ کی کارکردگی مزید بہتر کرنے کیلئے مختلف اقدامات کے حوالے سے بھی فیصلے کئے گئے۔ انہوں نے ضلعی عدالتوں کے ججوں کی موثر بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور عدالتی اوقات کے دوران ضلعی عدلیہ کے ججز کی کمرہ عدالت میں موجودگی کو چیک کرنے کے لئے عدالت کے اندر اور باہر موجود کیمروں کا کنٹرول متعلقہ ضلع کے انسپکشن جج کو بذریعہ موبائل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سے قبل ہائی کورٹ پہنچنے پر جسٹس شجاعت علی خان،جسٹس صداقت علی خان،جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے چیف جسٹس کااستقبال کیا ۔