• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک ایران گیس پائپ لائن پر دباؤ قبول نہیں کرینگے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار

کراچی (نیوز ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پر دباو قبول نہیں کریں گے، انہوں نے واضح کیا کہ منصوبہ پر امریکا یا سعودی عرب کے تحفظات ہمارا مسئلہ نہیں، ہر فیصلہ پاکستان کے مفاد میں کریں گے ۔ گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں 15ویں اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے بعد نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گیمیبا میں کئی ممالک کے وفود کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں اور وزیراعظم کی وطن واپسی کے ساتھ ہی سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد پاکستان آیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنے معاملات پر کسی کو ویٹو کی اجازت نہیں دے گا،ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر فیصلہ ملکی مفاد میں کریں گے ۔ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہماری تجویز پر عالمی سطح پر پیش آنے والے اسلاموفوبیا کے واقعات کے حوالے سے نمائندہ خصوصی کا تقرر ہوا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی، بلاامتیاز فورس کا استعمال روکنے اور محصور فلسطینیوں کو انسانی بنیاد پر امداد پہنچانے کے لئے کوششوں کا مطالبہ کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اپنی قرارداد پر عمل درآمد پر زور دیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید