کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ڈاکو راج اور اسٹریٹ کرائم کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی کے اطراف میں وارداتیں معمول بن گئیں ہیں، پھل فروشوں نےاحتجاج وارداتوں کیخلاف احتجاج کیا جس سے سپر ہائی وے ملیر لنک روڈ بلاک ہوگیا، تاہم پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائم کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو صبح سویرے سبزی منڈی کی طرف جانے والے پھل فروشوں سے لوٹ مار کیخلاف ملیر کینٹ سپر ہائی وے لنک روڈ پر مظاہرین نے احتجاج کرکے سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا، احتجاج کے باعث سپر ہائی وے ملیر لنک روڈ پر ٹریفک معطل ہوگئی جس سے اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہنے کے باعث شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔