• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جان سوینی پارلیمنٹ میں 64 ووٹ حاصل کرکے اسکاٹ لینڈ کے نئے فرسٹ منسٹر بن گئے، وزیراعظم رشی سوناک کی مبارکباد

لندن، گلاسگو (طاہر انعام شیخ، جنگ نیوز) حمزہ یوسف جو کہ13ماہ تک اسکاٹ لینڈ کے چھٹے فرسٹ منسٹر تھے انہوں نےگذشتہ روز باضابطہ طور پر اپنا استعفیٰ پیش کر دیا اور جان سوینی اسکاٹ لینڈ کے نئے فرسٹ منسٹر بن گئے ہیں۔ جان سوینی کو پارلیمنٹ میں64ووٹ ملے، جب کہ ان کے قریب ترین حریف کنزرویٹو پارٹی کے ڈگلس رس نے 31 ووٹ حاصل کئے۔ حمزہ یوسف کے حکومت کے خاتمے کی وجہ ان کاگرین پارٹی سے شراکت اقتدار کا معاہدہ ختم کرنا اور ان کے دو وزرا کو حکومت سے نکالنا تھا۔ حمزہ یوسف کا خیال تھا کہ گرین پارٹی کی حمایت کے بغیر بھی وہ پارلیمنٹ میں اپنی اقلیتی حکومت قائم رکھ سکیں گے جس میں ان کو کامیابی نہ ملی اور تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے بجائے انہوں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔ حمزہ یوسف نے استعفیٰ کے وقت اپنی تقریر میں کہا کہ انہوں نےنوجوانی میں کبھی یہ خواب بھی نہ دیکھا تھاکہ وہ اسکاٹ لینڈ کی حکومت کے سربراہ بن سکیں گے۔ایک پہلے رنگدار اور نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے شخص کے طور پر اس عہدے پر فائز ہونا ان کے لئے بہت بڑا اعزاز تھا۔ حمزہ یوسف نے اپنی تقریر میں ایک دفعہ پھر غزہ کا ذکر کیا اور کہا کہ بین الاقوامی کمیونٹی غزہ میں فوری جنگ بندی اور معصوم عوام کا قتل عام بند کرائے۔ انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی، اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی اور تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ دوسری جانب وزیر اعظم رشی سوناک نے سوینی کو نئے کردار میں خوش آمدید کہا۔ سوناک نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ وہ سوینی کے ساتھ تعمیری طور پر کام کرنے اور "حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کے منتظر ہیں جو خاندانوں کے لیے اہم ہیں - اسکاٹ لینڈ کے لوگوں کے لیے ملازمتیں، ترقی اور بہتر عوامی خدمات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ 

یورپ سے سے مزید