لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو طلبہ میں الیکٹرانک بائیکس کی تقسیم کا عمل پیر تک روکدیا۔جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ طالبعلموں کو بائیکس دیں گے تو وہ ون ویلنگ کرینگے، لڑکیوں کے تعلیمی اداروں کے باہر جائینگے۔لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو طالب علموں کو الیکٹرانک بائیکس دینے سے روکتے ہوئے منصوبے کی تفصیلات طلب کر لیں۔جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ انہوں نے شہر میں جشن بہاراں کے حوالے سے لائٹیں لگانے پر ناراضی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیے کہ اگر لائٹس کی جگہ پودے لگاتے تو ماحول کو فائدہ ہوتا۔ عجیب و غریب لائٹس لگا کر عوامی پیسہ ضائع کیا گیا۔ عدالت نے کہا کہ بتائیں ان لائٹس پر کتنا خرچ آیا ہے؟ جس پر وکیل نے کہا کہ اس حوالے سے تفصیلات منگوا لیتے ہیں۔