اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اورماحول دوست سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے دسمبر 2024 تک ملکی سطح پر گرین سکوک بانڈز جاری کرنے پر کام کر رہی ہے۔ عالمی سطح پرماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں میں پاکستان کی شرح بہت کم ، منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ،انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام یوکے پاکستان گرین انویسٹمنٹ فورم سے اپنے کلیدی خطاب میں کیا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ عالمی سطح پرماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں میں پاکستان کی شرح بہت کم ہے تاہم پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے ۔انہوں نے عالمی بینک کے ایک حالیہ مطالعہ کا حوالہ بھی دیا جس میں موسمیاتی خطرات کی وجہ سے پاکستان میں مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے سالانہ ایک فیصدنقصان کا اندازہ لگایاگیاہے۔