• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اذلان شاہ ہاکی، ناقابل شکست پاکستان کی ٹرافی پر نظر

کراچی( اسٹاف رپورٹر) اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ کا فائنل ہفتے کو پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان 21سال سے اس ایونٹ کا گولڈ میڈل نہیں جیت سکا ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعے کو ایپوہ میں کھیلا گیا آخری لیگ میچ ایک ،ایک گول سے برابر رہا، پاکستان کو سلطان اذلان شاہ ہاکی میں تین گولڈ، چھ سلور اور تین برانز میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ قومی ٹیم رواں ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ دو میچ برابر کھیلے تین میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے پانچ میچوں میں11پوائنٹس ہیں۔ جمعے کو نیوزی لینڈ کے خلاف گول کیپر عبد اللہ اشتیاق خان نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار گول بچائے، پاکستانی ٹیم 35 ویں منٹ میں لوکس ہالمس کے فیلڈ گول سے خسارے میں چلی گئی، مگر آٹھ منٹ میں ہی پنالٹی کار نر پر محمد ابوبکر نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ مین آف دی میچ محمد سفیان خان قرار پائے۔ ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا ہے کہ گولڈ میڈل جیتنے کی کوشش کریں گے، کھلاڑی ردھم میں ہیں، جاپان مضبوط ٹیم ہے مگر کوئی دباؤ نہیں لیں گے۔انہوں نے شکوہ کیا کہ کھلاڑیوں کے پاس نوکریاں نہیں ہیں، حکومت جس طرح کرکٹ کو سپورٹ کرتی ہے ہاکی کو بھی کرے تو پاکستان ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکتا ہے۔جمعے کو دیگر میچوں میں جاپان نے کینیڈا، ملائیشیا نے کوریا کو شکست دی۔ ہفتے کو برانز میڈل کیلئے نیوزی لینڈ اور ملائیشیاجبکہ پانچویں پوزیشن کیلئے جنوبی کوریا اور کینیڈا مدمقابل ہونگے۔
اہم خبریں سے مزید