کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی میں بد ترین لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ پربلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کے ارکان کے الیکٹرک کیخلاف پھٹ پڑے متفقہ قرارداد میں مطالبہ کر دیا کہ نیپرا کے الیکٹرک کے بجائے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی سے سستی بجلی خرید کر کراچی کے شہریوں کو فراہم کرےبعض ارکان نے کہا کہ کے الیکٹرک نے مافیا کی شکل اختیار کر لی ہےایوان میں ارکان نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی ایوان نے ایک دوسری قرارداد میں شہر میں جاری میٹرک امتحانات میں جاری شدید بد نظمی کےذمہ داروں کیخلاف کارروائی مطالبہ کیا اجلاس میں فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے ارکان نے فلسطینی مفلر اور رومال پہنےپی ٹی آئی ارکان نے اپنی بانی کی تصاویر کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی عام اجلاس پیر کے روز کونسل ہال صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت منعقد ہوا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی نے بھی اجلاس میں شرکت کی ]اجلاس سے سیف الدین ایڈووکیٹ، قاضی صدرالدین، نجمی عالم ،اسد امان،جمن دروان،مبارک بلوچ،اسلم سموں اور دیگر ارکان نے خطاب کیا،جلاس وقت مقررہ پر شروع ہو کر ڈھائی گھنٹے جار رہا مرتضیٰ وہاب کے میئر بننے کے بعد یہ پہلا اجلاس تھا جو انتہائی پرامن رہا اور تمام 13 قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں قراردادوں میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بھاری اکثریت سے صدر پاکستان منتخب ہونے، کے ایم سی کے کونسل کے ممبر حافظ نعیم الرحمن کو جماعت اسلامی پاکستان کا امیر منتخب ہونے، پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما محترمہ آصفہ بھٹو زرداری کو این اے 207 سے بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے اور خاتون اول کا درجہ ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی، ایوان کے اراکین نے نجمی عالم کو مشیر وزیراعلیٰ سندھ بننے پر اور میئر کراچی کو ترجمان حکومت سندھ بننے پر بھی مبارک باد پیش کی، ایک قرار داد کے ذریعے پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں کی سروسز میں بہتری لانے سے متعلق مزید غور و خوض کے لئے 12 ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی کونسل نے قرارداد کے ذریعے عیدالاضحی کے موقع پر گائے، بیل، بچھڑا اور اونٹ وغیرہ کے لئے چھ سو روپے فی جانور اور بکرا، بکری، دنبہ، بھیڑ وغیرہ کے لئے تین سو روپے فیس وصول کرنے کی بھی منظوری دی جبکہ محکمہ چارجڈ پارکنگ کے تحت بینکوئٹس اور شادی ہال کی انتظامیہ سے ویلے پارکنگ فیس وصول کرنے سے متعلق قرارداد بھی اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی جس کے مطابق 400 تا 500 اسکوائر مربع گز پر بینکوئٹس اور شادی ہالز کی انتظامیہ کو ہر ماہ مبلغ 5 ہزار روپے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ادا کرنے ہونگے، 600 اسکوائر مربع گز پر بینکوئٹس اور شادی ہالز کی انتظامیہ کو ہر ماہ 10 ہزار روپے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ادا کرنے ہوں گے، ایک ہزار اسکوائر مربع گز پر بینکوئٹس اور شادی ہالز کی انتظامیہ کو ہر ماہ 15 ہزار روپے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ادا کرنے ہوں گے، عباسی شہید اسپتال کے شعبہ اطفال کا نام وسیلہ جہاں شعبہ اطفال رکھنے کی بھی منظوری دی گئی، کونسل اجلاس میں کے الیکٹر ک کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی اور ایک قرار داد کے ذریعے کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔