کراچی( اسٹاف رپورٹر )سپر ہائی وے پر گزشتہ شب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،واقعہ میں دو ڈاکو ہلاک اور مقتول کے ماموں زخمی ہوئے تھے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود جمالی پل کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 22 سالہ نوجوان شیخ محمد نہال ولد سید یوسف جاں بحق اور شیخ محمد ایاز ولد شیخ محمد شاہ رخ زخمی ہوئے تھے۔مقتول کے ماموں نواز نے بتایا کہ نہال اور ایاز سعدی ٹاؤن سے واپس آ رہے تھے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان آئے اور نہال کو موٹر سائیکل روکنے کا کہا،نہال موٹر سائیکل روکنے والا تھا کہ اس دوران ڈکیتوں نے فائرنگ کر دی،فائرنگ سے ایاز اور نہال دونوں زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ نہال نے اپنا لائسنس یافتہ پستول نکالا اور ڈکیتوں پر فائرنگ کر دی ۔نہال کی فائرنگ سے 2ڈکیت مارے گئے جبکہ 2فرار ہو گئے۔ نہال کے ساتھ موجود میرے بھائی ایاز کا ہاتھ ٹوٹ گیا ۔ایاز کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ نہال اپنے والدین کا اکلوتا بچہ تھا اور یونیورسٹی کا طالبعلم تھا۔مقتول نہال آرکیٹک انجینرنگ کا کورس کر رہا تھا۔رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 68ہو گئی ہے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نہال کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔ مقتول کی نماز جنازہ بدھ کو بعد نماز ظہر مسجد الہدیٰ بلاک ایف نارتھ ناظم آباد میں ادا کی گئی جس میں اہلخانہ،عزیز و اقارب ،اہل علاقہ اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا کہ آج ایک اور افسوسناک واقعہ ہوا ہے ،ایک اور ماں کا لعل چھین لیا گیا ہے۔