• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں عیدالاضحٰی کے موقع پر 22 مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں عیدالاضحی کے موقع پر 22مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا،کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمٰی کراچی کی حدود میں 8 بڑی مویشی منڈیا قائم کی جائیں گی جبکہ12مویشی منڈیاں ٹاؤنزاور 2عارضی مویشی منڈیاں کنٹونمنٹ بورڈز کی حدود میں لگانے کی اجازت ہوگی بلدیہ عظمی کراچی اور ٹاؤنز کی سفارشات کے بعد 22قانونی مویشی منڈیوں کے علاوہ دیگر لگنے والی غیر قانونی مویشی منڈیوں کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی بدھ کو اپنے دفتر میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکمشنر نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہر قائد میں لگنے والی غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خاتمے کا فیصلہ کرلیا ہے بلدیہ عظمی کراچی اور ٹاؤنز کی سفارشات کے بعد اس سال مویشی منڈیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہےگذشتہ سالوں میں شہر قائدمیں ٹوٹل 8قانونی مویشی منڈیاں قائم کرنے کی اجازت دی جاتی تھی لیکن اسکے ساتھ شہر میں درجنوں غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم کردی جاتی تھیں امسال غیر قانونی مویشی منڈیوں کیخلاف پوری طاقت سے کارروائی کرینگے اور حکومتی رٹ کو ہر صورت قائم کیا جائیگا انہوں نے بتایا اس سلسلے میں بلدیہ عظمی کراچی اور ٹاؤنز کے حکام سے سفارشات طلب کی گئیں کے ایم سی نے شہر میں 26مویشی منڈیاں قائم کرنے کی سفارش کی تھی جبکہ ٹاؤنز انتظامیہ کی جانب سے 24مویشی منڈیوں کی سفارشات بھیجی گئیں تھی تاہم ان سفارشات کی روشنی میں شہر میں مجموعی طور پر22مویشی منڈیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور منڈیوں کی تعداد میں اضافے کا مقصد غیر قانونی مویشی منڈیوں کا خاتمہ ہے کمشنر کراچی نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ منافع خوری کی روک تھام کیلئے مختلف آپشن زیر غور ہیں جبکہ شہری انتظامیہ اور عوام کے درمیان دوری کو ختم اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے ویب سائٹ پر تیزی سےکام جاری ہے۔

اہم خبریں سے مزید