• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’شادی‘‘جسے دو خاندانوں کا ملاپ کہا جاتا ہے، لیکن دراصل یہ دو انسانوں کا ٹکراؤ بھی ہوتا ہے، جس میں زخمی سب ہوتے ہیں، کوئی کم کوئی زیادہ، کچھ کہہ جاتے ہیں، کچھ سہہ جاتے ہیں، لیکن اچھا یہی سمجھا جاتا ہے، دل ٹوٹے تو ٹوٹے، گھر نہیں ٹوٹنا چاہیے، مگر اب تو گھر بھی ایسے ٹوٹ رہے ہیں، جیسے کوئی شیشہ ٹوٹ جائے۔ یہ بھی دیکھنے کو مل رہا ہے کہ شادی شدہ خواتین جن کے گھر ٹوٹ چکے تھے، انہوں نے دوسری شادی کرلی۔ شادی کرنا ان کا حق ہے، اس میں برائی کیا ہے، لیکن پہلے ہمارے معاشرے میں ایسا شاذو نادر ہی سننے اور دیکھنے میں آتا تھا۔ 

ایک عورت بیوہ ہوجائے، طلاق کا داغ لگ جائے تو وہ ساری زندگی دوسری شادی نہیں کرتی تھی، بہرحال یہ خوش آئند بات ہے۔ چمکتی دنیا میں جب کوئی گھر ٹوٹتا ہے یا بنتا ہے تو اُس کے خوب چرچے ہوتے ہیں۔ ہر خاص و عام کا زیر بحث موضوع یہی ہوتا ہے، فلاں فن کار کی شادی ہوگئی، فلاں کو طلاق ہوگئی یا فلاں نے بڑی عمر کے مرد یا عورت سے شادی کرلی، جیسا کہ گزشتہ دنوں ،مائرہ خان، بشریٰ انصاری کی شادی کی خبریں منظر عام پر آئیں۔ اس ہفتے چمکتی دنیا کے ان چند اداکاروں اور اداکاراؤں کے بارے میں مختصراً پڑھیں جنہوں نے گھر ٹوٹنے کے بعد دوسری شادی کی اور خوش و خرم زندگی گزار رہی ہیں۔

بشریٰ انصاری

ہر فن مولا بشریٰ انصاری نے اداکاری کا آغاز پی ٹی وی کی سیریل ’’سلسلہ ‘‘ سے کیا ،جس کےپروڈیوسر اقبال انصاری تھے۔ ’’سلسلہ ‘‘ کے ساتھ ہی ان کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ اس کے بعد بشریٰ مسلسل ڈراموں میں کام کرتی رہیں۔ پی ٹی وی ہی کے متعدد مقبول ٹی وی شو میں انہوں نے اپنے فنی جوہر دکھائے۔ جن میں آنگن ٹیڑھا، شو ٹائم، شو شا، رنگ ترنگ، ایمرجنسی وارڈ اور مزاحیہ ٹی وی سیریز ففٹی ففٹی شامل ہیں۔ بشریٰ انصاری نے جیو ٹیلیویژن کے پروگرام’’ برنچ ود بشری ‘‘کی میزبانی کی۔ انہوں نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ ساتھ سنجیدہ اداکاری میں بھی اپنا لوہا منوایا۔

گلوکاری اور ماڈلنگ بھی کی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے 1989ء میں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں خواتین لیڈر ایوارڈ کی طرف سے پاکستان ستارہ خواتین اور23 مارچ 2021 کو ستارہ امتیاز ملا۔ بشریٰ 11 جون 1978ء کو ٹی وی پروڈیوسر اقبال انصاری سے شادی کے بند ھن میں بندھیں۔ لیکن شادی کے 36 سال بعد گھر ٹوٹ گیا۔چند ماہ قبل یہ خبر سنی گئی کہ بشریٰ نے اداکار اقبال حسین سے دوسری شادی کرلی ، دونوں نے اس کی تصدیق بھی کردی۔

اقبال حسین کی بھی دوسری شادی ہے ۔ان کی پہلی شادی نجی ٹی وی کے مارننگ شو کی میزبان ’’فرح ‘‘ سے ہوئی تھی۔بشریٰ اوراقبال حسین کی پہلی ملاقات 2016 ء میں سیریل ’’سیتا باگڑ ی ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی ۔ شوٹنگ کے دوران ہی اقبال حسین نے بشریٰ انصاری کو شادی کی پیشکش کی اور پھران کی شادی ہوگئی ۔بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ،’’ ہمارے معاشرے میں بڑی عمر کی خواتین سے شادی کرنا جرم سمجھاجاتا ہے لیکن خواتین کے پاس دوسری شادی کا آپشن موجود ہوتو انہیں ضرور سوچنا چاہیے۔ میں دو دہائیوں تک شادی شدہ زندگی گزارنے اور پھر علیحدگی کے بعد طویل عر صے اکیلے رہنے کے باعث دوسری شادی کے لیے راضی نہیں تھی ،گھر والوں اور دوستوں نے شادی کے لیے راضی کیا ۔‘‘

نادیہ خان

مارننگ شو کی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان نے پی ٹی وی کی سیریز بندھن میں ادا کاری کے جوہر دکھائے اور اپنے کردار سے مقبولیت حاصل کی ۔بہ طور مارننگ شو میزبان ان کو شہرت جیو ٹی وی کے پرو گرام ’’دی نادیہ خان شو ‘‘ سے ملی ۔ انہوں نے 2019 ء میں ڈراما’’ کم ظرف‘‘ میں ایما اور ڈولی ڈارلنگ میں ڈولی کا کردارکیا ،جس کو لوگوں نے بےحد پسند کیا۔ علاوہ ازیں اور بھی کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں ۔1997 ء میں بہتر ین اداکارہ کا پی ٹی وی ایوارڈ 2008 اور 2009 ء میں بہترین ٹی وی پیش کنندہ لائف اسٹائل ایوارڈ اپنے نام کیا۔ 

نادیہ خان نے پہلی شادی خاور اقبال سے اپنی پسند سےکی تھی ۔ ان کے دو بچے ہیں۔ نادیہ نے ایک انٹر ویو میں بتایا کہ انہیں شادی کے 10 منٹ بعدہی انداز ہ ہو گیا تھا کہ غلط شخص سے شادی کرلی ہے ،چوںکہ شادی میری پسند کی تھی، اس لیے10 سال تک اس کو نبھانے کی کوشش کی ،مگرنہ نبھا سکی ، بالآخر ہماری طلا ق ہوگئی ۔ نادیہ نے چند سال قبل فیصل ممتاز سے دوسری شادی کی جوپاکستان ائیر فورس کے ریٹا ئرڈ آفیسر اور فائٹر پائلٹ ہیں۔

ثمینہ احمد

اداکارہ، اسٹیج پرفارمر، پروڈیوسر اور ہدایتکار ثمینہ ا حمدکا شوبز انڈسٹری میں 50 سال سے زیادہ کام کا تجربہ ہے۔ انھوں نے پی ٹی وی کی بہت سی کامیاب سیریز میں کام کیا ۔ان کا مزاحیہ ڈرامہ’’ فیملی فرنٹ‘‘ ناظرین میں بے حد مقبول ہوا ۔ 1997 ء میں پی ٹی وی سے نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل’’ نصرت‘‘ میں ان کےکردار کو بہت پسند کیا گیا ۔ حکومت ِپاکستان نے 2011 ء میں انہیں پرائڈ آف پر فارمنس سے نوازا ۔ثمینہ احمد کی پہلی شادی پاکستانی فلم ساز فرید الدین احمد سے ہوئی۔ ان کے دو بچے ہیں ۔1993 ء میں ان کی طلاق ہوگئی ،بعد ازاں2020 ء میں اداکار منظر صہبائی سے شادی کرلی۔

ایک انٹر ویو میں ثمینہ احمد نےبتایا کہ، ہم دونوں کی پہلی ملاقات ڈراما سیریل ’’دھوپ کی دیوار‘ ‘کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی، کچھ عرصے بعد جب ہماری دوبارہ ملاقات ہوئی تو منظر نے مجھے شادی کی پیشکش کی ،یہ سن کر میں حیران رہ گئی کہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے ، پھر مجھے احساس ہوا کہ ہم دونوں کے مزاج ایک جیسے ہیں ،میرے بچّوں کو بھی کوئی اعتراض نہیں تھا ،اسی لیے میں شادی کے لیے راضی ہوگئی۔

عتیقہ اوڈھو

معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اپنےکیرئیر کا آغاز 1989 ء میں بہ حیثیت میک اپ آرٹسٹ کیا۔ مختلف اشتہاری ایجنسیوں میں میک اپ آرٹسٹ کے طو رپر کا م کرنے کے دوران ایک دن انور مقصود نے انہیں دیکھا تو اپنے ڈراموں میں کام کی آفر کی۔ عتیقہ نے فوری حامی بھرلی اور 1993 ء میں انور مقصود کے ڈرامے ’’ستارہ اور مہر النسا ء ‘‘ میں اپنی اداکاری کے جو ہر دکھائے۔1995 ء میں فلم ’’جو ڈر گیا وہ مر گیا ‘‘ سے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں دشت ،نجات ،ہر جائی ،ہم سفر اور پیار کے صدقے قابل ذکر ہیں۔ آج کل جیو چینل کی مشہور ڈراما سیریل ’’داؤ‘‘ میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ 2016 ء سے سماجی کارکن کی حیثیت سے بھی کام کررہی ہیں۔

عتیقہ نے شادی کے بعد شوبز کی دنیا میں قدم رکھا۔ فنی دنیا میں آنے کے بعد 1980 ء میں انہیں طلاق ہوگئی ، پہلی شادی ختم ہونے کے کچھ وقت بعد دوسری شادی کی ، وہ بھی کام یاب نہ ہو سکی،پھر 2012ء میں سیاستدان اور سماجی رہنما ثمر علی خان سے تیسری شادی کی۔ عتیقہ نے ایک انٹرویو میں بتا یا کہ،ثمر علی خان اور میرے درمیان شادی سے قبل ذہنی ہم آہنگی تھی ،ہم دونوں سماجی کاموں کے سلسلے میں دور دراز علاقوں کا سفر بھی کرتے رہے۔ ثمر سے شادی کا مشورہ میرے بیٹے نے مجھے دیا تھا۔

ماہرہ خان

مشہور ماڈل ،اداکارہ اور وے جے ماہرہ خان نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2006 ء میں ٹی وی میزبان کے طور پر کیا ۔2011 ء میں فلمی کیرئیر کی شروعات شعیب منصور کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم بول سے کی،اسی سال مہرین جبار کی ہدایت کاری میں بننے والے ڈراما سیریل میں کام کیا ،بعدازاں ڈرامے ’’ہم سفر ‘‘اور ’’شہرِذات‘‘ میں اہم کردار ادا کیا ،’’ہم سفر‘‘ کی مقبولیت کےساتھ انہیں بھی شہرت ملی ۔فلم بول کے بعد بن روئے ،ہومن جہاں اور بالی وڈ کی فلم رئیس میں کام کیا۔ماہرہ خان نے پہلی شادی 2007 ء میں علی عسکری سے کی،8 سال بعد 2015 ء میں طلاق ہوگئی۔ ایک بیٹا ہے ۔ گزشتہ سال بزنس مین سلیم کریم سے شادی کرلی۔

صنم سعید

ماڈل، اداکارہ اور گلوکارہ صنم سعید شوبز کی دنیا کا بڑا نام ہے۔ انہوں نے اپنے کیر ئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا۔ تھیٹرکے لیے بھی کئی ڈرامے کیے جن میں مامامیا ،شکاگو اور دھانی قابل ذکر ہیں۔ ان کے مشہور ڈراموں میں میرا نصیب، فراق، دوریاں محبت کا زوال ، متاع جَاں ہے تو‎ ، تلخیاں ، زندگی گلزار ہے اور دیارِدل قابلِ ذکر ہیں۔ کیک فلم کے لیے لکس اسٹائل ایوارڈ میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ 2019 میں ڈیلی ٹائمز نے صنم سعید کو ’’پرائیڈ آف پاکستان‘‘کے اعزاز سے نوازا۔ صنم نے پہلی شادی 2015 ء میں اپنے دوست فرحان حسن سے کی تھی لیکن صرف تین سال بعد علیحدگی ہو گئی۔ 

دوسری شادی 2023 ء میں محب مرزا سے کی ،محب مرزا کی بھی دوسری شادی ہے ،ان کی پہلی شادی2005 میں ماڈل اور اداکارہ آمنہ شیخ سے ہوئی تھی۔ شادی کے 14 سال بعد یعنی 2019 ء میں علیحدگی ہوگئی ۔ان کی ایک بیٹی ہے۔ 2018 ء میں ڈرامہ سیریل ’’دیدن ‘‘ میں ،محب اور صنم نے ساتھ کام کیا ،اسی ڈرامے سے ان کی دوستی کا آغاز ہوا۔

ایک دن محب نے شوٹنگ کے دوران ہی صنم سے محبت کا اظہار کردیا اور پھرشادی کرلی ،جس کا علم ناظرین کو مارچ 2023 میں ایک ٹی وی پروگرام کے توسط سے ہوا ،جس میں محب مرزا اور صنم نے کیا۔صنم سعید اور محب مرزا دونوں کی دوسری شادی ہے۔ صنم سعید نے ایک انٹرویو میں کہا کہ،’’اب خواتین کی سوچ بدل گئی ہے۔ زیادہ تر عورتیں اور لڑکیاں کام کرتی ہیں۔ انہیں کوئی مجبوری نہیں ہوتی۔ پہلے خواتین سوچتی تھیں کہ طلاق ہوگئی تو ان کا مستقبل کیا ہوگا وہ کہاں جائیں گی؟ لیکن اب حالات تبدیل ہوگئے ہیں۔‘‘

زارا نور عباس

زارا نور عباس نے فلم ڈیزائن، ڈانس، تھیٹر اور فلم سازی کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی ہے۔ مختلف ڈراموں اور رقص مقابلوں میں حصہ لینے کے بعد 2016ء میں ڈرامہ سیریل ’’دھڑکن‘‘ سے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا ، اس سیریل میں عدیل چودھری اور غنا علی کے مقابل مرکزی کردار ادا کیاتھا۔ان کے مشہور ڈراموں میں خاموشی، عہد وفا، زیبائش، پھانس اور بادشاہ بیگم شامل ہیں۔ زارا کا کہنا ہے کہ اداکاری کا مجھے بہت شوق تھا ۔ والد نے بہت مشکلوں سے ایک ڈرامے میں کام کرنے کی اجازت اس شرط کے ساتھ دی کہ اس کے بعد ڈراموں میں کام کروگی تو شادی کے بعد، میں راضی ہوگئی تھی، بہرحال ڈارمے میں خوب پذیرائی ملی۔ 

شوق پورا کرنے کے لیے2014 ء میں اپنی پسند سے شادی کی۔ شوہر بیرون ملک رہائش پذیر تھے لیکن صرف 3 سال بعد شادی ختم ہوگئی۔ طلاق کے بعد زارا پاکستان واپس آگئیں اور کچھ ہی ماہ بعد باقاعدہ اداکاری کا آغاز کردیا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ شادی ختم ہونے کے بعد میں نے سوچ لیا تھا کہ اب اپنے والدین کی پسند سے شادی کروں گی۔ 2017 ء میں گھر والوں کی مرضی سے اداکار اسد صدیقی سے شادی کرلی۔ اسد سے زارا کی پہلی ملاقات جیو کی مشہور ڈرامہ سیریل ’’کس کی آئے گی بارات ‘‘ کے سیٹ پر ہو ئی تھی ۔چند ماہ قبل پہلی بیٹی کی ماں بنی ہیں۔

ثناء جاوید

ثناء جاوید نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز ٹی وی اشتہارات میں ماڈل کے طور پر کیا۔ 2012ء میں ٹی وی ڈٖراما سیریل’’میرا پہلا پیار‘‘ میں معاون اداکارہ کے طور پر کام کا آغاز کیا اور اسی سال ڈراما ’’شہر ذات‘‘ میں ایک چھوٹا سا کردار بھی کیا۔ 2016ء میں ڈراما ’’ذرا یاد کر‘‘ میں ایک منفی کردار سے انہیں شہرت ملی اور پھر کام کا سلسلہ چل پڑا۔ 2017ء میں مزاحیہ فلم ’’مہر النساء وی لو یو‘‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا، ان کے مقابل اداکار دانش تیمور تھے۔ بعدازاں جیو کی مشہور ڈراما سیریل’’ خانی‘‘ میں مرکزی کردار کیا، جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

ناظرین نے ان کے کردار کو بے حد پسند کیا۔ پی آئی ایس اے ( پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈ) میں بہترین ٹیلی ویژن اداکارہ کاایوارڈ اپنے نام کیا۔ ثناء جاوید کے سپر ہٹ ڈراموں میں، خانی ،پیارے افضل ،ڈنک،رسوائی اور سکون شامل ہیں۔ ثناء جاویدکا پہلا نکاح 2020ء میں گلوکار عمیر جیسوال سے ہوا ۔ نکاح کے بعد دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو ٹیگ کرتے ہوئے انسٹاگرام پر اسٹوریز بھی شیئر کیں۔ لیکن چند سال بعد ہی ان کے درمیان طلاق کی افواہیں گردش کرنے لگیں اور بالآخر طلاق ہوگئی۔

جنوری 2024ء میں ثنا ء جاوید نے کرکٹر شعیب ملک سے دوسری شادی کی۔ شعیب ملک کی بھی یہ دوسری شادی ہے ،ان کی پہلی شادی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے 13 سال قبل اپریل 2010 ء میں ہوئی تھی ،شادی کے 8 سال بعد اکتوبر 2008 ء میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ 2023ء کے اوائل سے ثانیہ اور شعیب میں اختلافات کی خبریں گردش کررہی تھیں لیکن کبھی ثانیہ، کبھی شعیب ان کی تردید کرتے رہے، پھر یہ خبریں سچ ثابت ہوگئیں اور شادی کے 13 سال بعد دونوں نے اپنی اپنی راہیں جدا کرلیں۔  

فن و فنکار سے مزید
انٹرٹینمنٹ سے مزید