• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر رئیسی وزیر خارجہ سمیت شہید، ایران میں پانچ روزہ سوگ، ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات شروع، دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات

تہران (جنگ نیوز /ایجنسیاں)ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہوگئے‘حادثے میں ہیلی کاپٹرمکمل تباہ ‘ملبہ مل گیا ‘ واقعے کی تحقیقات شروع ‘امریکا کا اظہار افسوس ‘ اقوام متحدہ ‘ روس ‘چین ‘بھارت ‘یورپی یونین ‘ سعودی عرب سمیت دنیابھرسے تعزیتی پیغامات ‘ سلامتی کونسل میں ایک منٹ کی خاموشی ‘ایران میں 5روزہ سوگ کا اعلان ‘صدررئیسی کی آخری رسومات کل بدھ کو تہران میں اداکی جائیں گی ‘سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے اول نائب صدر محمد مخبرکو2ماہ کیلئے حکومت کاعارضی سربراہ مقرر کردیا ۔ محمد مخبر 50 روز کے اندر نئے انتخابات کروانے کے پابند ہیںجبکہ علی باقری کنی کو ملک کا قائم مقام وزیر خارجہ مقرر کیا ہے‘وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی سفارتخانہ کا دورہ‘تعزیت کا اظہار ‘ایک روزہ سوگ کا اعلان ‘ قومی پرچم سرنگوں رہے گا‘ صدر آصف علی زرداری نے بھی صدررئیسی کی وفات پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا۔چینی صدرشی جن پنگ کا محمدمخبر کو تعزیتی پیغام ‘ایرانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔تفصیلات کے مطابق پیرکی صبح ایران کے صوبہ مشرقی آذربائیجان کے پہاڑی علاقے ورزقان میں صدر ابراہیم رئیسی کےلاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کاملبہ مل گیا۔سینئر ایرانی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایا کہ صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام مسافر حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں ۔ بعد ازاں ایرانی حکام نے بھی ابراہیم رئیسی اور ساتھیوں کی موت کی تصدیق کردی ‘ایرانی حکام کے مطابق کچھ لاشیں جل کر ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔جاں بحق افراد افراد کی میتیں قریبی شہر تبریز منتقل کی جا رہی ہیں۔ ہیلی کاپٹر میں نو افراد سوار تھےجن میں صدر‘ وزیر خارجہ ‘مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی، تبریز کے امام سید محمد الہاشم ، صدر کے سکیورٹی یونٹ کے کمانڈر سردار سید مہدی موسوی، باڈی گارڈ اور ہیلی کاپٹر کا عملہ موجود تھے ۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہیلی کاپٹر کے عملے کے 3 ارکان کی شناخت پائلٹ کرنل سید طاہر مصطفوی، پائلٹ کرنل محسن دریانوش اور فلائٹ ٹیکنیشن میجر بہروزش کے نام سے ہوئی۔ قبل ازیں ایران کے ہلال احمر کے سربراہ نے کہا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا لاپتا ہیلی کاپٹر مل گیا ہے لیکن صورت حال اچھی نہیں ہے‘ ایک اور ایرانی عہدیدار نے بتایا تھا کہ صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر حادثے میں مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ دوسری جانب ایران کے نئے عبوری صدر کا کہنا ہے کہ حکومتی معاملات میں کوئی خلل نہیں پڑے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے صدررئیسی اوردیگر افرادکی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم ایرانی عوام ‘انسانی حقوق اوربنیادی آزادیوں کیلئے ان کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے جبکہ امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا ہے کہ صدررئیسی کی وفات کے باوجود امریکی فوج کی رائے یا سوچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے کیوں کہ تہران میں حتمی فیصلوں کا اختیار سپریم لیڈر کو ہے ۔ لائیڈآسٹین کے مطابق انہیں نہیں لگتاکہ اس واقعے کے وسیع تر علاقائی سکیورٹی اثرات مرتب ہوں گے ۔افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔طالبان کی عبوری حکومت میں وزیرِ اعظم ملا محمد حسن اخوند نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک مشکل وقت ہے۔ افغان شہری اس مشکل گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ ہیں‘دوسری جانب حماس نے بھی ایرانی صدر کی ہلاکت پر تعزیت کی ہے۔ حماس نے ایک بیان میں ابراہیم رئیسی کو فلسطینی مزاحمتی قوتوں کا بڑا حامی قرار دیا۔

اہم خبریں سے مزید