• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، بھارت کے ساتھ تجارت مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کرے، ڈاکٹر غلام نبی فائی

لوٹن( شہزادعلی) بین الاقوامی سطح پر تحریک آزادی کشمیر کے لیے متحرک کشمیری رہنماؤں ڈاکٹر غلام نبی فائی، نذیر احمد قریشی، محمد غالب، سردار ذوالفقار روشن خان اور نبیلہ ارشاد پر مشتمل ایک وفد نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی ہیڈ کوارٹر میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان سے ملاقات کی۔ انہوں نے بیرسٹر گوہر خان کو مودی انتظامیہ کے مذموم عزائم سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر فائی نے کہا کہ اگر پاکستان بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات شروع کرنا چاہتا ہے تو اسے کشمیر کے حل سے جوڑنا چا ہئے۔ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں تجارت اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ ڈاکٹر فائی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی قیدیوں کی رہائی کے بارے میں بیان جاری کرنا چاہیے، جن میں یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، مسرت عالم، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر فیاض اکبر، خرم پرویز اور بہت سے دوسرے شامل ہیں۔ نذیر قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب تک بھارت آرٹیکل 35اے کو منسوخ نہیں کرتا اس کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی، یہ وہ نقطہ نظر ہے جسے کشمیری عوام نے سراہا ہے۔ محمد غالب نے کہا کہ پاکستان کی کشمیر پر ایک مستقل پالیسی ہونی چاہیے۔سردار ذوالفقار روشن خان نے کشمیریوں کے عالمی بیداری پروگرام پر روشنی ڈالی۔ نبیلہ ارشاد نے آزاد کشمیر کے اندر چند حساس مسائل کو اجاگر کیا جن پر پی ٹی آئی کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ بیرسٹر گوہر نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ مسئلہ کشمیر کا تسلی بخش حل پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی قیدیوں کو غیر مشروط رہا کیا جائے۔

یورپ سے سے مزید