اسلام آباد ( ایجنسیاں/جنگ نیوز)تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر ایک سال بعد منظر عام پر ‘ پولیس کا پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ پر چھاپہ پشاور پہنچ گئے ‘ذرائع کے مطابق حماد اظہر صوبائی ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق حماد اظہر کے منظر عام پر آنے کے بعد وفاقی پولیس بھی حرکت میں آگئی۔پولیس اہلکار پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچے لیکن حماد اظہر پولیس اہلکاروں کے پہنچنے سے قبل ہی پشاور روانہ ہوچکے تھے،وفاقی پولیس اہلکاروں کی جانب سے سیکرٹریٹ کے سٹاف سے پوچھ گچھ کی گئی۔قبل ازیں سیکرٹریٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام سر آنکھوں پر کل پیغام ملا آپ کے منظر عام پر آنے کا وقت آگیا ہے تو میں میدان میں آگیا ہوں ‘ اس سے پہلے مجھے کہا گیا تھا کہ تم پر تشدد ہو گا اس لیے روپوش ہو جاؤ لیکن اب روپوشی ختم کردی ہے ہم کسی صورت نہیں جھکیں گے‘عمران خان نے کہا ہے کہ پارٹی کو آپ کی ضرورت ہے قیادت کرنے کا وقت آگیا ہے‘اب میں پشاور جاؤں گا، پشاور سے ضمانت کروا کر لاہورکی متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں گا، مراد سعید سمیت دیگر رہنما بھی بہت جلد منظرعام پرآئیں گے۔