کراچی(افضل ندیم ڈوگر)کراچی پولیس میں بھرتی ہونے کے بعد ایک ٹریفک حادثے میں دونوں ٹانگوں سے محروم ہونے والی خاتون پولیس اہلکار ڈیوٹی دینے ہوِئے پرعزم اور دیگر ملازمین کے لیے مثال بن گئی ہے۔
عائشہ ناز سال 2018میں سندھ پولیس میں بطور لیڈیز پولیس کانسٹبل بھرتی ہوئی تھی۔ عائشہ ناز نے پولیس ٹریننگ سینٹر سے پولیس کانسٹیبل کی مکمل تربیت حاصل کی۔
عائشہ ناز کا کہنا ہے کہ اس دوران ایک ٹریفک حادثے میں اس کی دونوں ٹانگیں بری طرح متاثر ہوئیں ڈاکٹروں نے بھرپور کوشش کی مگر ایک سال کی جدوجہد کے باوجود اس کی زندگی بچانے کے لیے ڈاکٹروں نے ٹانگوں سے محروم کیا۔
عائشہ کے مطابق وہ ایک سال تک گھر میں شدید صدمے سے دوچار رہی بعد اذاں اللہ کی رضا سمجھ کر اس نے زندگی میں فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔
عائشہ کے مطابق انہوں نے تعلیم مکمل کی اورپرعزم عائشہ نے حال ہی میں ماس کمیونی کیشن میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی۔
اس کے بعد انہیں 2023 میں ازاد زندگی گزارنے کی تربیت کے لیے یورپ جانے کا موقع ملا۔ جہاں انہوں نے فرانس سے تربیت حاصل کی اور خود کو ایک آزاد زندگی گزارنے کے قابل بنا لیا۔
عائشہ ناز کو کراچی پولیس آفس کے میڈیا سیل میں ذمےداریاں سونپی گئی ہیں۔ پرعزم عائشہ ناز سندھ پولیس میں بہت سے معذور نوجوان پولیس اہلکاروں کیلئے ایک تحریک بن گئی ہیں۔
عائشہ باقاعدگی سے ویل چیئر پر کراچی پولیس افس میں ڈیوٹی پر آتی ہیں اور اپنا کام کچھ اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہیں۔