کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے اپنے پوسٹ سیکنڈری ایجوکیشن ریفارم یونٹ کے تحت ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان(ایچ ای ڈی پی) پروجیکٹ کے زیر سایہ حکومت سندھ کے کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اساتذہ کےلیے دو روزہ استعداد کار میں بہتری کے لیے ٹریننگ کا انعقاد کیا۔ یہ ٹریننگ 20 سے 23 مئی کے دوران کراچی کے ایچ ای سی کے ریجنل سنٹر میں منعقد ہوئی۔اس ٹریننگ میں 100 سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔تربیت کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا، جس کی قیادت بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر کاشف سہیل ملک اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ ایجوکیشن لیڈرشپ کے چیئرمین ڈاکٹر عابد شہزاد نے کی۔ پروگرام میں مختلف ماڈیولز کا احاطہ کیا گیا، بشمول آن لائن تدریس کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال،پی ای آر این سہولتیں، تکنیکی تشخیص، لرننگ مینجمنٹ سسٹمز ، سمسٹر کے اصول و ضوابط، سمسٹر سسٹم کی منصوبہ بندی اور انتظام، ممتحن سے متعلق تربیت و جدید طریقہ کار، طلباء کی رائے، پیمائش سیکھنے کے نتائج اور معیار ، تدریسی طریقہ کار، اور نصاب اور کورس کی تیاری۔ٹریننگ کی اختتامی تقریبات میں ایچ ای سی ریجنل سینٹر کراچی کے ڈائریکٹر جاوید علی میمن، کراچی ریجن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر احسان احمد نے شرکت کی۔جاوید علی میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بڑھانے کے لیے ایچ ای سی کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیکلٹی ممبران کو جدید ترین تعلیمی ٹیکنالوجیز اور تدریسی طریقہ کار سے آراستہ کرکے ایچ ای ڈی پی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ سندھ کے الحاق شدہ کالج طلباء کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کر سکیں، اور ملک میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی مجموعی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔