• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل رفح پر حملے فوری روکے، اقوام متحدہ میں نسل کشی کی تحقیقات کرے، عالمی عدالت انصاف

دی ہیگ، جوہانسبرگ ،رفح، دوحا(اے ایف پی، جنگ نیوز) اقوام متحدہ کی اعلیٰ عدالت نے اسرائیل کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر رفح میں اپنی فوجی کارروائی بند کرے،انسانی امداد کی فراہمی کیلئے رفح کراسنگ کو کھولا جائے، اقوام متحدہ غزہ میں نسل کشی کی تحقیقات کرے،غزہ میں حقائق کی جانچ کیلئےتفتیش کاروں کی رسائی کو یقینی بنایا جائے، جنوبی افریقا،سعودی عرب ، ترکیہ ، قطر ،مصر،اردن، پاکستان، فلسطین ،بلجیم ، ناروےاور حماس نے اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے،برطانیہ اور امریکا آئی سی جے کے فیصلے سے پہلے ہی اسرائیل کی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں تاہم وائٹ ہاؤس نے فیصلے کے بعد رد عمل سے گریز کیا ہے ، اسرائیل نے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے رفح میں جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ، پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف نے عالمی برادری رفح میں اسرائیلی آپریشن روکنے کےفیصلے پرفوری عمل کرائے،شہباز شریف نے آئرلینڈ کے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیراعظم نے فلسطینی کاز کیلئے کردار ادا کرنے اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر آئرلینڈ کے کردار کی تعریف بھی کی ،اسرائیلی حکومت کے ترجمان ڈیوڈ مینسرنے عدالتی فیصلے پر کہا ہے کہ ’دنیا کی کوئی طاقت ہمیں عوامی طور پر خودکشی کرنے پر مجبور نہیں کر سکتی، یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے ججوں کوخوفزدہ کرے اور نہ ہی دھمکائے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی عدالتِ انصاف کے موجودہ صدر جج نواف سلام نے اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقا کی جانب سے جمع کروائی جانے والی درخواست پر سماعت کی۔انہوں نے فوری طور پررفح میں جاری جنگ روکنے کا حکم دیا ۔عدالت نے اسرائیل کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ ایک ماہ میں جمع کروانے کا بھی حکم دیا ۔آئی سی جے نے اپنے حکم میں کہا کہ اسرائیل کو چاہئے کہ وہ رفح میں اپنا فوجی حملہ اور کوئی بھی دوسری ایسی کارروائی روکے جس سے غزہ میں فلسطینی آبادی کے لئےایسے حالات پیدا ہوں، جو اس آبادی کی مکمل یا جزوی طور پر جسمانی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں۔ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رفح میں آپریشن روکنے سے دنیا میں امن کی راہ ہموار ہوگی، وزیر اعظم نے مظلوم انسانیت کے لئے پٹیشن دائرکرنے پر جنوبی افریقا کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ جنوبی افریقا کے صدر سیرل رامافوسا کا کہنا ہے کہ انہیں تشویش ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غزہ میں انسانی تکالیف کو کم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے، اسرائیل کے وزیر خزانہ بیزالیل سموٹریچ نے آئی سی جے کےفیصلے کے فوری بعد کہا ہے کہ عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد، جو لوگ اسرائیل سے جنگ بند کرنے کا مطالبہ کریں گے، وہ یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ اسے اپنے وجود کو ختم کرنے کا فیصلہ کرنا چاہیے لیکن اسرائیل اس سے اتفاق نہیں کرے گا۔، بلجیم کے وزیر خارجہ حدجہ لہبیب نے آئی سی جے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ،انہوں نے نے ایکس پر کہاغزہ میں تشدد اور انسانی مصائب کو روکنا چاہیے، ہم جنگ بندی، قیدیوں کی رہائی اور دو ریاستوں کے لئے مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہیں، ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ آئی سی جے کے فیصلے ظاہر کرتے ہیں کہ غزہ میں حالات کتنے خراب ہیں،امریکا میں قائم انسانی حقوق گروپ ایچ آر ڈبلیو سے تعلق رکھنے والے بلقیس جراح نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کا حکم غزہ میں فلسطینیوں کو درپیش صورتحال کی سنگینی کی نشاندہی کرتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید