لندن (پی اے) ریفارم یوکے کے اعزازی صدر نائجل فراج نے کہا ہے کہ وزیراعظم رشی سوناک نے4 جولائی کو انتخابات کا اعلان کر کے انتخابی مہم کیلئے صرف 6 ہفتے کا وقت دے کر مایوس کیا۔ انھوں نے کہا کہ اتنے کم وقت میں قومی سطح پر یا کسی ایک حلقے میں بھی انتخابی مہم نہیں چلا سکتے۔ انھوں نے کہا کہ اب بھی ان کے پاس کھیلنے کیلئے ایک بڑا کارڈ موجود ہے۔ انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ مستقبل میں رکن پارلیمنٹ کا الیکشن لڑیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 4 جولائی کو انتخابات کر کے پہلے چال چلنے والے کو حاصل ہونے والا فائدہ اٹھایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس الیکشن میں وہ پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے کھڑے نہیں ہوں گے لیکن انتخابی مہم میں مدد کرنے کی کوشش کروں گا۔انھوں نے کہا کہ میں انتخابی مہم کے دوران امیگریشن اور اکنامکس کے حوالے سے کی جانے والی بعض بے بنیاد اور واہیات باتوں کو بے نقاب کروں گا۔ نائجل فراج اس سے قبل 5 سابقہ عام انتخابات اور 2 ضمنی انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں، 2015 میں انھوں نے سائوتھ Thanet کے حلقہ انتخاب سے مہم چلائی تھی، جہاں انھیں 16,000 سے زیادہ ووٹ ملے تھے۔ جب ان سے سوال کیا گیاکہ کیا وہ انتخابات کے بعد فرنٹ لائن سیاست میں واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں تو انھوں نےکہا کہ 60 سال کی عمر تک میرے پاس ایسا کرنے کا جواز ہے اور انتخاب میں کھڑے ہونے کیلئے میرے پاس ابھی ایک بڑا کارڈ موجود ہے۔ میں نے اسی سال ایسا کرنے کا فیصلہ کیا تھا، میرا خیال تھا کہ مجھے انتخابی مہم کیلئے 6 ماہ مل جائیں گے لیکن مجھے صرف 6 ہفتے ملے۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل میں میں سیاست میں سامنے آیا تو سینٹر رائٹ پارٹی استوار کرنے کی کوشش کروں گا کیونکہ برطانیہ میں ایسی کوئی پارٹی نہیں ہے۔ انھوں نے مستقبل میں کسی وقت سیاست میں واپس آنے سے متعلق سوال کا جواب اثبات میں دیا۔