کراچی ( اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ٹیکس کا نظام سرکار کا حق ہے،روکا نہیں جاسکتا، کونسل کی منظور کردہ چیزوں کو اس طرح روکا گیا تو کچھ بہتر نہیں ہوسکے گا،ہم ٹیکس نہیں دیتے اس لئے مسائل بڑھتے ہیں، ٹیکس کراچی کے ہر شہری کو ادا کرنا چاہئے، ہم ٹیکس کے بغیر شہر کیسے چلا سکتے ہیں، اپوزیشن جماعت یا کسی شہری کو اگر یہ حق مل جائے کہ وہ ریاست کے فیصلے کو یکطرفہ اس طرح روکے، تو اس طرح چیزیں نہیں چل سکتیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائی کورٹ میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج سے ٹیکس دینا شروع کردیں تو نہ وفاق کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے نہ صوبائی حکومت کی طرف۔ کے ایم سی سڑکیں، پلے گراؤنڈ خود بنا سکے گی۔ کے الیکٹرک پی ٹی وی، وفاق اور صوبے کا ٹیکس لے سکتا ہے۔ کے الیکٹرک شہر کا ٹیکس لے تو لوگوں کو تکلیف شروع ہو جاتی ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو شہر کی بھلائی نہیں چاہتے۔ کے الیکٹرک کو ساڑھے 7 فیصد ملیں گے۔ کے الیکٹرک کے واجبات سندھ حکومت ادا کریگی۔ ہم صرف وصولی کی مد میں ادائیگی کریں گے۔