کراچی (اسٹاف رپورٹر) سلطنت عمان کے قونصل جنرل انجینئر سامی عبداللہ الخنجاری نے کہا ہے کہ پاکستان عمان کو پیاز، آلو، دال اور آم سمیت دیگر زرعی مصنوعات برآمد کرنے کے امکانات کا جائزہ لے۔ عمان 1982سے پاکستان سے چاول درآمد کر رہا ہے، انہوں نے کراچی کی تاجر برادری کو مشورہ دیا کہ وہ عمان کے ساتھ ہموار تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو اجاگر کریں تاکہ ان کو دور کیا جا سکے اور دونوں ممالک میں باقاعدگی سے نمائشیں بھی منعقد ہونی چاہیے تاکہ دونوں ممالک کی تاجر برادری ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور تجارت کو وسعت دینے کے امکانات تلاش کر سکیں۔عمانی حکومت اپنے غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے چاول کا 60 فیصد پاکستان سے درآمد کرتی ہے کیونکہ اس کا معیار دیگر ممالک کے مقابلے میں بہترین ہے جسے ہم مزید بڑھانے کی خواہش مند ہیں اور ہم اعلیٰ معیار کے چاول فراہم کرنے پر پاکستان کو سراہتے ہیں لیکن ہم مزید پاکستانی مصنوعات درآمد کرنا چاہتے ہیں جن میں کئی زرعی مصنوعات، چینی، ٹیکسٹائل، تولیے اور دیگر معیاری مصنوعات عمان کو برآمد کی جاسکتی ہیں جہاں اس طرح کی تمام مصنوعات فی الحال ترکی، چین، بھارت اور آسٹریلیا وغیرہ سے درآمد کی جا رہی ہیں لیکن پاکستان ان مصنوعات کو برآمد نہیں کررہا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفد کے ہمراہ بدھ کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمانی قونصلیٹ کے نائب قونصل جنرل عبداللہ جمعہ الحربی، عمانی وزارت زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل کے حکام سمیت اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیکیورٹی حسن مطر البلوشی، فوڈ سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ابراہیم مبارک الحسنی اور مارکیٹنگ کے سربراہ اور کوالٹی ڈپارٹمنٹ بزنس آپریشنز ڈپارٹمنٹ سلیم سعید الوشاہی نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ صدر کے سی سی آئی افتخار احمد شیخ، سینئر نائب صدر الطاف اے غفار، نائب صدر تنویر احمد باری، سابق صدور مجید عزیز اور محمد طارق یوسف، چیئرمین ڈپلومیٹک مشنز اینڈ ایمبیسیز لائژن سب کمیٹی فاروق افضل، چیئرمین فیئرز، ایگزی بیشن، ٹریڈ اینڈ ڈیلیگیشنز سہیل احمد اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔عمانی قونصل جنرل نے کے سی سی آئی کی جانب سے وزارت زراعت، فشریز اور آبی وسائل کی طرف سے عمانی وفد کی میزبانی کو سراہتے ہوئے عمان کی جانب سے معیشت کے مختلف شعبوں میں تاجر برادری کے ساتھ تعاون پیش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔قبل ازیں کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد شیخ نے عمانی قونصل جنرل کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان تعلقات مشترکہ ثقافتی روایات، مذہبی عقائد، بھائی چارے اور وسیع سماجی رابطوں سے مضبوط ہوئے ہیں۔