• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیویارک میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاک بھارت میچ کی سیکورٹی بڑھا دی گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیویارک میں ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت میچ کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے باعث سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ایشیا کی دو صف اول کی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسی گراونڈ میں میچ9جون کو کھیلا جائے گا۔امریکی ریاست نیویارک کی گورنر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، فی الحال شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں ہےانٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی اس حوالے سے اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران سکیورٹی کو مضبوط بنایا جائے گا، نیویارک وینیو کی سکیورٹی کو بھی دیگر وینیوز کی طرح مضبوط بنائیں گے، ہر کسی کی سکیورٹی اور حفاظت اولین ترجیح ہے، میزبان ممالک کی اتھارٹیز کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ آئزن ہاور پارک اسٹیڈیم، جو مین ہٹن سے تقریباً 25 میل مشرق میں واقع ہے، 3 جون سے 12 جون تک 8 میچوں کی میزبانی کرے گا۔بھارت کے پہلے راونڈ کے تمام میچ اسی اسٹیڈیم میں ہوں گے پاکستان یہاں دو میچ کھیلے گا۔نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچول کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام قانون نافذ کرنے والے حکام کیساتھ تعاون کررہی ہے جبکہ مکمل اسکریننگ کا عمل بھی تیز کردیا گیا ہے، عوامی تحفظ میری اولین ترجیح ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ کرکٹ ورلڈ کپ ایک محفوظ اور پر لطف تجربہ ہو۔انتظامیہ نے دھمکی آمیز رپورٹس سامنے آنے کے بعد سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا اور ثبوت نہ ہونے کے باوجود احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔نیویارک گورنر آفس نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ دھمکی آمیز رپورٹس کے حوالے سے ابھی کوئی ثبوت نہیں ملا، صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں، انٹیلی جنس کے مطابق اس وقت پبلک کی حفاظت کے حوالے سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ گورنر آف اسٹیٹ کیتھی ہوچل کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کئی ماہ سے سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں، سکیورٹی بڑھانے کے لیے نیو یارک اسٹیٹ پولیس کو ایڈوانس نگرانی اور مکمل اسکریننگ کی ہدایت کردی گئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید