لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے قائد اعظم بزنس پارک میں گارمنٹس سٹی پلگ اینڈ پلے بنانے کا اصولی فیصلہ اوربزنس پارک کی رابطہ سڑک ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ قائداعظم بزنس پارک کے دورہ کے دوران کہا کہ گارمنٹس سٹی بننے سے ایک لاکھ روزگار اور وویمن ایمپاورمنٹ میں مدد ملے گی، لیبر کالونی اور ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کے قیام کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے بزنس پارک میں بڑے پیمانے پر شجر کاری اور آسان رسائی کے لئے موٹر وے انٹر چینج بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور امن امان کے ایشوز کو حل کرنے کے لئے فوری طور پر آرپی اوشیخوپورہ کو طلب کرکے شیخو پورہ میں امن وامان کی بہتری کیلئے 10دن کی مہلت دی،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایکسپورٹ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ ایکسپورٹ میں اضافے کے رحجان پر پیشرفت تسلی بخش ہے ، علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب کی موجودگی میں محکمہ زراعت اور بینک آف پنجاب کے درمیان کسان کارڈپروگرام کا معاہدہ طےپا گیا۔ سیکرٹری زراعت افتخار علی سہیو اور صدر پنجاب بینک ظفر مسعود نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کسان خوشحال ہوگا تو پنجاب خوشحال ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ معیاری بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات فراہم کرنے کے لیے کسان کارڈ استعمال ہوگا۔ کسان کارڈ کے ذریعے ڈائریکٹ سبسڈی بھی دی جائے گی،اہل کسانوں کو قرضے اور دیگر مالی خدمات بھی فراہم کی جائینگی۔