کراچی ( اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ مسلم حکمراں غیرت کا مظاہرہ کرتے تو فلسطینیوں پر ظلم نہ ہوتا ، فلسطین اور کشمیر کے لیے پوری قوم قربانیاں دینے اور سربکف ہونے کے لیے تیار ہیں،حماس کی قانونی حیثیت کو تسلیم کیا جائے، تمام اسلامی ممالک کو جمع کر کے جنگ بندی کے لیے اعلامیہ جاری کیا جائے،فلسطین کے زخمیوں کو پاکستان لایا جائے اور ان کاعلاج کیا، نواز شریف اور شہباز شریف سن لیں کہ بھارت کے ساتھ دوستی کا خواب کسی صورت پورا نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے اتوار کو اقوام متحدہ کی قراردادوں وعالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے باوجود اسرائیلی افواج کی جانب سے رفح بارڈرو غزہ پر مسلسل بمباری، خواتین و بچوں سمیت ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف اور”اہل فلسطین“ اور”تحریک مزاحمت حماس“ سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہراہ فیصل پر ”غزہ ملین مارچ“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شدید گرمی کے باوجود شہر بھر سے بڑی تعداد میں مردو وخواتین اور مختلف طبقات و مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سمیت علماء، وکلاء،ڈاکٹرز، انجینئرز، طلبہ، تاجر، مزدور سمیت سول سوسائٹی سے وابستہ افراد شریک ہوئے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر کسی صورت میں بھی سودے بازی نہیں کرنے دی جائے گی۔پیپلزپارٹی اور نواز لیگ بتائیں کہ وہ اسرائیل کے خلاف احتجاج اورحماس کی حمایت کیوں نہیں کرتیں،پی ٹی آئی کے عمران خان کو بھی چاہئے کہ وہ جیل سے اسرائیل کے حوالے سے اپنا موقف پیش کریں۔ اقوام متحدہ سے سوال کرتے ہیں کہ مشرقی تیمور اورعراق پر حملے کا مسئلہ ہوتو قراردادوں پر عمل درآمد ہوجاتا ہے لیکن کشمیر یا فلسطین کا مسئلہ ہوتو قرادادوں اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کوبھی رونددیا جاتا ہے۔کشمیر و مسئلے کو حل کرنے کے لیے احتجاج کے دائرے کو وسیع کرنا ہوگا اور جدوجہد کو مزید تیز کرنا ہوگا۔ہمیں اپنے اندرونی اوربیرونی دشمنوں سے بھی لڑناہے۔طویل،پر امن مزاحمت کو جاری رکھیں،اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کو جاری رکھیں۔ہم 24 سے سال سے امریکہ کی بنائی ہوئی جنگ کا حصہ بنے رہے۔افغانستان ہمارا دشمن ملک نہیں، بیٹھ کر بات کریں، پاک ایران پائپ لائن منصوبہ مکمل کریں۔نواز شریف اور شہباز شریف سن لیں کہ بھارت کے ساتھ دوستی کا خواب کسی صورت پورا نہیں ہوگا۔حکمرانوں نے پاکستان کو اس کے نظریے کی بنیاد پر قائم نہیں ہونے دیا۔ نومنتخب امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہاکہ کامیاب غزہ ملین مارچ نے ثابت کردیا ہے کہ اہل کراچی غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں بیدار اور جاگ رہے ہیں۔