• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رہزنی نہیں، سازش کے تحت کراچی والوں کی نسل کشی ہورہی ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے رکن مرکزی کمیٹی سید مصطفیٰ کمال نے گذشتہ روز راہزنوں کی گولیوں سے شہید ہونے والے نوجوان اتقاء کے والدین سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوئی رہزنی کی وارداتیں نہیں بلکہ سوچی سمجھی سازش کے تحت کراچی والوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، پچھلے 50سالوں سے پاکستان کے صرف سندھ میں ظالمانہ کوٹہ سسٹم نافذ ہے، جس کی آڑ میں سندھ کے شہری علاقوں کے قابل لوگوں کیلئے تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر کے دروازے بند کر دیئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کیا۔ پچھلے 50 سالوں سے جعلی ڈومیسائل بنا بنا کر شہری سندھ کے کوٹے پر بھی دیہی سندھ کے لوگوں کو لاکر نوکریاں دی جاتی ہیں، اس ظالمانہ کوٹہ سسٹم کی زیادتیوں کے باوجود والدین اپنے بچوں کو پرائیوٹ تعلیمی اداروں سے مہنگی تعلیم دلوا کر کسی قابل بناتے ہیں لیکن اب کبھی موٹر سائیکل تو کبھی موبائل فون چھیننے کی آڑ میں کراچی کے ان قابل نوجوانوں کو چن چن کر مارا جارہا ہے۔  ملک کے ارباب اختیار اور ریاستی اداروں کے سربراہان سے گزارش ہے کہ کراچی والوں کی حالت زار پر رحم فرمائیں۔پاکستان کے قیام سے آج تک کراچی ہی۔ اس ملک کو چلا رہا ہے کراچی کا قتل عام اس ملک کا قتل عام ہے۔ جب چند لوگوں کے حقوق پامال ہونے پر سُوموٹو نوٹس لیا جاسکتا ہے تو کراچی والوں کی نسل کشی پر بھی نوٹس لیا جانا چاہئے۔
اہم خبریں سے مزید