• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاہتے ہیں زیادہ پاکستانی چین کا دورہ کریں، چینی قونصل جنرل کراچی

کراچی(نیوز ڈیسک)عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے قونصل خانےمیں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے عہدیداروں کی میزبانی کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تک بہت کم پاکستانی چین دیکھ سکے ہیں، لیکن ہم مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور پر امید ہیں کہ زیادہ پاکستانی دوست چین کا دورہ کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قونصلیٹ میں آپ تمام دوستوں کی روایتی چینی عشائیہ پر میزبانی کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، میں سرمد علی کو سینیٹر بننے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ پاکستانی چین کا دورہ کریں، لیکن بدقسمتی سے بہت سے پاکستانی چین نہیں جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام فورمز پر چین کے لیے پاکستان کی حمایت کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں، یہ ہماری دوستی کی ترجمانی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین بہت تیزی سے ترقی کر رہا ہے، حتیٰ کہ یہ تبدیلی چین سے باہر کام کرنے والے چینی افراد کے لیے بھی کئی بار خوشگوار حیرت کا باعث ہوتی ہے، جب وہ وطن واپس آتے ہیں۔ یانگ یونڈونگ نے مزید کہا کہ ہماری توجہ دونوں ممالک کے میڈیا کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون پر ہونی چاہیے اور اے پی این ایس اس خلیج کو پر کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ جہاں پاکستان کی برآمدات، زراعت، صنعتی تعاون اور تجارت بڑھانے کے لئے زیادہ اہم ہے تو وہیں نچلی سطح پر لوگوں کی زندگیوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے بھی اتنا ہی ضروری ہے۔اے پی این ایس کے وفد کی قیادت اس کے سیکرٹری جنرل سینیٹر سرمد علی کر رہے تھے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرمد علی نے کہا کہ پاکستان زراعت، کان کنی، ہوٹل کی صنعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی توقع کر رہا ہے اور اس میں چین کو ایک اہم عنصر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر کو ایک جدید شہر کے طرز پر ترقی دینے کی ضرورت ہے، نئے ہوائی اڈے کی تعمیر سے رابطوں کو بڑھانے کے مزید مواقع فراہم ہوں گے۔ گوادر میں ریئل اسٹیٹ اور ہوٹلوں کی ترقی بھی ضروری ہے۔ کچھ چینی میڈیا کے اسلام آباد میں دفاتر ہیں جن میںپیپلز ڈیلی،شنہوا نیوز ایجنسی، اور روزنامہ گوانگ منگ شامل ہیں ،جبکہ مزید اداروں کی آمد متوقع ہے۔سرمد علی نے کہا کہ چین پاکستان کا ہمیشہ مدد کو آنے والا حقیقی دوست ہے۔ ʼچینی لوگوں کے دل میں پاکستان کے لیے ایک خاص مقام ہے اور وہ ہمیں فولادی بھائی ʼBatieʼ کہتے ہیں،میں نے چند سال قبل اپنے دورہ چین کے دوران دیکھا کہ عام چینی عوام بھی پاکستان کو اپنا فولادی بھائی تصور کرتے ہیں چونکہ چین اب الیکٹرانک وہیکلز کا سب سے بڑا مینوفیکچرر ہے، وہ جدید ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے ہمیں امید ہے کہ چین کی الیکٹرانک گاڑیوں میں ترقی سے پاکستان بھی مستفید ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ برآمدات اور تجارت میں پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گا۔تقریب کے شرکاء میں نائب قونصل جنرل ژانگ ہاو، اے پی این ایس کے فنانس سیکرٹری شہاب زبیری، جاوید مہر شمسی، قاضی اسد عابد، یونس مہر، اطہر قاضی، قاضی سجاد عباسی، ایم بلال فاروقی اور دیگر حاضرین میں زاہد کرانی، مصطفیٰ کرانی اور یوسف کرانی شامل تھے۔
اہم خبریں سے مزید