• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری تعمیراتی پالیسی، پلاٹ کے صرف 60 فیصد حصے پر تعمیرات کی اجازت دی جائے، ہائیکورٹ

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ مری میں تعمیراتی پالیسی پر 26اکتوبر2022کے فیصلے کی روشنی میں عملدرآمد کرایا جائے۔عدالت عالیہ نے ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی پالیسی میں پلاٹ کے صرف ساٹھ فیصد حصےپر تعمیرات کی اجازت دی جائے باقی چالیس فیصد حصہ کھلا رہنا چاہیے۔حکومت پہاڑوں کی کٹائی کو روکنے کیلئے ماحول دوست فائبر گھروں کی تعمیر کو فروغ دے۔عدالت عالیہ نے مری میں جاری آپریشن کے خلاف راجہ اکمل نواز اورعمر حیات عباسی کی درخواستیں نمٹاتے ہوئے راجہ اکمل کیس میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن مری کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کو سن کو سپیکنگ فیصلہ کیا جائے۔درخواست گزار نے پنڈی پوائنٹ پر اپنی ساڑھے دس مرلہ تعمیرات کے بلڈنگ پلان کو مسترد کرنے کا حکم کالعدم قرار دینے اور تعمیرات کے خلاف آپریشن کو روکنے کی استدعا کی ہوئی تھی۔عمر حیات عباسی نے این ایچ اے اور مری انتظامیہ کے خلاف درخواست دی ہوئی تھی۔عدالت عالیہ نے چیئر مین این ایچ اے کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کو سن کر قانون کے مطابق سپیکنگ آڈر جاری کیا جائے۔درخواستیں نمٹاتے ہوئے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے اپنے حکم 26اکتوبر 2022 میں دی گئی ہدایات میں اضافہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیرات میں پلاٹ کا صرف ساٹھ فیصد حصہ استعمال کیا جائے۔ واضح رہے کہ 26اکتوبر 2022کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست بھی زیر سماعت ہے۔
اسلام آباد سے مزید