کراچی (نیوز ڈیسک)حکمران اتحاد نے مودی کو وزیراعظم نامزد کردیا ،مودی 8جون کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیںگے،دنیا بھرسے مبارکباد، حزب اختلاف کے اتحاد کا کہنا ہے کہ وہ مناسب وقت پر صحیح قدم اٹھائیں گے ، کانگریس کے صدر کا کہنا ہے کہ وہ مودی کی جابرانہ حکمرانی کیخلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل نہ کرنے کے بعد بی جے پی نے اتحادیوں کا سہارا لے لیا ، حکمران اتحاد این ڈی اے کا اجلاس وزیراعظم نریندر مودی کے گھر ہوا جنہوں نے مودی کو تیسری بار وزارت عظمیٰ کیلئے نامز د کردیا ،15جماعتوں پر مشتمل حکمران اتحاد این ڈی اے نے حکومت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ اتحاد نے متفقہ طور پر مودی کو اپنا رہنما منتخب کرلیا ،حکمران اتحاد کی مجموعی نشستوں کی تعداد 293بنتی ہے جو سادہ اکثریت سے زیادہ ہے ، بھارتی میڈیا کے مطابق مودی تیسری مدت کیلئے 8 جون کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ کانگریس کی قیادت میں بننے والے اپوزیشن اتحاد ’’انڈیا‘‘ کا اجلاس نئی دہلی میں منعقد ہوا ، کانگریس کے صدر نے ملکارجن کھرگے نےکہا کہ اپوزیشن اتحاد ’’انڈیا‘‘ مودی کی جابرانہ حکمرانی کیخلاف اپنی لڑائی جاری رکھے گا، انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن اتحاد نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مناسب وقت پر صحیح قدم اٹھائیں گے ۔